کراچی: آج پارہ 40 درجے چڑھنے کا امکان

September 16, 2021


محکمۂ موسمیات کے ڈائریکٹر سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں آج بھی درجۂ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔

انہوں نے بتایا ہے کہ شہرِ قائد میں سمندری ہوائیں بند ہیں، جبکہ شمال مشرق کی سمت سے گرم ہوائیں چل رہی ہیں۔

سردار سرفراز نے بتایا ہے کہ کراچی میں شمال مشرق اور مشرق میں آج بھی بادل بن سکتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ شہر میں کل کے مقابلے میں آج بارش کا امکان کم ہے، البتہ بوندا باندی ہو سکتی ہے۔

ڈائریکٹر محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ گجرات میں موجود ہوا کا کم دباؤ سمندر کی جانب بڑھ گیا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ہوا کے کم دباؤ کے پھیلاؤ کے باعث کراچی کی سمندری ہوائیں معطل ہیں۔

سردار سرفراز کا یہ بھی کہنا ہے کہ کراچی میں کل صبح سے سمندری ہوائیں بحال ہونے کا امکان ہے جبکہ آئندہ 3 روز تک موسم گرم رہ سکتا ہے۔