شگئی بازار میں دکانوں کی غیرقانونی تعمیرات و تجاوزات کو مسمار کردیا گیا

September 17, 2021

پشاور ( وقائع نگار )ضلعی انتظامیہ پشاور نے ٹاؤن ٹو انتظامیہ کے ہمراہ مشترکہ آپریشن کرتے ہوئے شگئی بازار میں دکانوں کی غیرقانونی تعمیرات و تجاوزات کو مسمار کردیا۔ اس حوالے سے کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود کے احکامات کی روشنی میں ڈپٹی کمشنر پشاور کیپٹن (ر) خالد محمود کی ہدایت پر ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنرانور اکبر خان نے ٹاون ٹو انتظامیہ کے انفورسمنٹ آفیسر ارباب میر عالم خان کے ہمراہ شگئی بازار میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کا آغاز کیا۔ اس موقع پر کسی بھی ناخوشگوار واقع سے بچنے کیلئے پولیس کی بھاری نفری کو تعینات کیا گیا تھا۔ آپریشن کے دوران شگئی بازار میں درجنوں دکانوں کی غیر قانونی تعمیرات و تجاوزات کو مشینری کی مدد سے مسمار کر دیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر پشاورکیپٹن (ر) خالد محمود کے مطابق پشاور کے تمام علاقوں میں غیر قانونی تجاوزات کے خلاف بلا امتیاز آپریشن جاری رہے گا۔اور دوبارہ تجاوزات قا ئم کرنے والوں کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جا ئے گی۔