عمر شریف کے امریکی اسپتال میں علاج کی تیاریاں مکمل ہوگئیں: اہلیہ زرین عُمر

September 17, 2021

پاکستان کے لیجنڈری کامیڈین اور اداکار عُمر شریف کی اہلیہ زرین عُمر نے کہا ہے کہ امریکا کےجارج واشنگٹن اسپتال میں اُن کے شوہر کے علاج کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق عُمر شریف کی اہلیہ زرین عُمر نے اپنے حالیہ بیان میں بتایا کہ امریکی حکومت نے انہیں ویزے جاری کردیے ہیں اور علاج کے لیے امریکا جانے میں کوئی رکاوٹ نہیں ہے۔

زرین عُمر نے کہا کہ ایئر ایمبولینس کا تمام تر خرچہ سندھ حکومت اپنی ذمہ داری پر اُٹھائے گی۔

واضح رہے کہ عُمر شریف اس وقت متعدد بیماریوں کے باعث کراچی کے ایک نجی اسپتال میں زیرِ علاج ہیں اور انہوں نے وزیراعظم عمران خان سے درخواست کی تھی کہ وہ بیرون ملک سرجری کے لیے اُنہیں جلد از جلد امریکی ویزا جاری کریں۔

اس حوالے سے گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان کے معاونِ خصوصی برائے سیاسی روابط شہباز گِل نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں اس بات کی تصدیق کی کہ عمر شریف اور ان کے اہلخانہ کو امریکا کے ویزے جاری کردیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمر شریف اور ان کے اہلخانہ جلد اپنے علاج کے لیے امریکا روانہ ہوں گے۔

دوسری جانب گزشتہ روز اپنے بیان میں ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا تھا کہ عمر شریف کو علاج کیلئے امریکا منتقل کرنے کیلئے ایئرایمبولنس آج کراچی پہنچ جائے گی۔

ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا تھا کہ امریکی سفارتخانے میں عمر شریف اور انکے اہلخانہ کے ویزہ اجراء کے لیے انٹرویو مکمل کیے گئے تاہم امریکی سفارتخانے نے عمرشریف کو علالت کےباعث انٹرویو سےاستثنیٰ دیا جس پر امریکی سفارتخانے اور حکام کے شکر گزار ہیں۔