بلیک کیپس کا یکطرفہ اقدام، پاکستان کرکٹ کیلئے بلیک ڈے، ملکی اور انٹرنیشنل پلئیرز حیران

September 18, 2021

راولپنڈی (نمائندہ خصوصی)کرکٹ نیوزی لینڈ کی جانب سے وائٹ بال سیریز آخری لمحات میں منسوخ کیے جانے پر ملک میں مایوسی پھیل گئی، ملکی اور انٹرنیشنل کرکٹرز اس یکطرفہ فیصلے پر حیران ہیں، بلیک کیپس کا فیصلہ پاکستان کرکٹ کیلئے بلیک ڈے بن گیا ہے۔ پاکستانی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ سیریز منسوخ ہونے پر شدید مایوسی ہے۔ اس سے پاکستان کے لاکھوں پرستاروں کے چہرے پر دوبارہ مسکراہٹ آسکتی تھی۔ مجھے ہمارے سکیورٹی اداروں کی صلاحیت اور ساکھ پر مکمل اعتماد ہے۔ وہ ہمارا فخر ہیں اور ہمیشہ رہیں گے! پاکستان زندہ باد۔ ٹیسٹ کرکٹر شاداب خان نے کہا یہ دل توڑنے کے مترادف ہے۔ پاکستانیوں کو کرکٹ سے محبت ہے۔ ہم بہت کوششوں سے کرکٹ یہاں واپس لائے ہیں۔ پی ایس ایل اور پاکستان کا دورہ کرنے والی دوسرے ٹیمیں ہماری مہمان نوازی اور سکیورٹی انتظامات کا ثبوت ہیں۔ ہم اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔ سابق آل راؤنڈ شاہد آفریدی نے تو یہاں تک کہہ دیا ہے کہ نیوزی لینڈ نے تمام تر یقین دہانی کے باوجود جعلی خطرے کی بنا پر دورہ منسوخ کر دیا ہے۔ ویسٹ انڈیز کے سابق کپتان ڈیرن سیمی نے کہا ہے کہ انھوں نے ہمیشہ پاکستان میں محفوظ محسوس کیا ہے۔ یہ پاکستان کے لیے بڑا دھچکا ہے۔ سابق کرکٹر عمر گل کے مطابق یہ پاکستانی کرکٹ کے لیے مایوس کن دن ہے۔ ویسٹ انڈیز کے کھلاڑی شرفین رتھر فورڈ نے اسے پاکستان کے شائقین کرکٹ کے لیے بری خبر قرار دیتے ہوئے کہا کہ میں نے کئی ممالک کا سفر کیا ہے، پاکستان کرکٹ کے لیے محفوظ ترین ملک ہے اور کرکٹ سے محبت کرنے والا ملک ہے۔ نیوزی لینڈ کے سابق ٹیسٹ فاسٹ بولر ڈینی موری سن کا کہنا ہے کہ سیریز کی منسوخی پر افسوس ہوا، تفصیلی وجوہات کا علم نہیں ہے، پاکستان میں آنا اور یہاں کرکٹ کے لمحات کو ہمیشہ انجوائے کیا ہے۔ پاکستانی عوام کے احساسات سمجھ سکتا ہوں۔ نیوزی لینڈ کے سابق ٹیسٹ کرکٹر گرانٹ بریڈ برن نے کہا ہے کہ ایسے وقت میں جب پاکستان میں کرکٹ بحالی کی جانب جارہی تھی نیوزی لینڈ ٹیم کا دورہ منسوخ ہونا مایوس کن ہے۔سوشل میڈیا پر جاری کیے گئے پیغام میں انہوں نے کہا کہ ایک بات یقینی ہے کہ پاکستان میں کرکٹ شائقین کے بھرپور جذبے کو نقصان نہیں پہنچے گا۔نامور براڈ کاسٹر مائیک ہیسمین کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ نے دورہ پاکستان کی منسوخی کا جو فیصلہ کیا، اس پر مایوسی ہوئی ہے ۔ جنوبی افریقا کی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی رائلی روسو نے بھی دورے کی منسوخی پر افسوس کا اظہار کیا۔خواتین کرکٹرز ندا ڈار، بسمہ معروف بھی اس فیصلے پر افسردہ ہیں۔