پاکستان کرکٹ بورڈ کو انشورنس کا بھی نقصان،ایک دھیلا نہیں ملے گا

September 18, 2021

راولپنڈی (نمائندہ خصوصی) نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کی جانب سے دورہ پاکستان منسوخ ہونے کے باوجود پاکستان کرکٹ بورڈ کو بھاری نقصان کا انشورنس کور نہیں ملے گا۔پی سی بی کاکہنا ہے کہ اس قسم کے حالات میں انشورنس کمپنی سے ایک دھیلا نہیں ملے گا۔حالانکہ سیریز انشورڈ تھی۔پاکستان یہ کیس اب آئی سی سی کے سامنے رکھے گا تاکہ نقصان کازالہ ہو۔پی سی بی کے مطابق نیوزی کرکٹ بورڈ کو اس سلسلے میں دوبارہ بھی یقین دہانی کروائی گئی اور وزیراعظم عمران خان نے ذاتی طور پر نیوزی لینڈ کی وزیراعظم سے رابطہ کر کے انھیں اس حوالے سے آگاہ کیا تھا کہ پاکستان کی سکیورٹی انٹیلیجنس دنیا کی بہترین ایجنسیوں میں سے ہے اور مہمان ٹیم کو کوئی سکیورٹی خطرہ نہیں ہے۔بیان کے مطابق نیوزی لینڈ ٹیم کے حکام نے حکومت پاکستان کی جانب سے فراہم کی گئی سکیورٹی پر اطمینان کا اظہار کیا تھا۔پی سی بی کا کہنا ہے کہ وہ طے شدہ شیڈول کے تحت میچ کھیلنے کے لیے تیار ہے اور پاکستان اور دنیا بھر میں کرکٹ کے شائقین کو اس آخری لمحے کی منسوخی سے مایوسی ہو گی۔ دریں اثنا پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چیئرمین خالد محمود نے کہا ہے کہ پاکستان کو نیوزی لینڈ کی طرف سے نامناسب انداز میں سیریز منسوخ کرنے کا رد عمل دینا چاہیے ، دوسری سفید فام ٹیمیں بھی اس کی تقلید کر سکتی ہیں۔ پاکستان کو ایسے ہی دوڑ کر وہاں کھیلنے کے لیے نہیں جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان آئی سی سی میں نیوزی لینڈ کے خلاف کچھ نہیں کر سکتا کیونکہ وہاں سفید فام ٹیموں کی لابی بہت مضبوط ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ ملک اچھا ہے، ٹیم اچھی ہے، حکومت بھی اچھی ہے، لیکن جس انداز سے انہوں نے یہ کیا ہے وہ اچھا نہیں ہے۔