جرائم کے خاتمے کے لئے گرینڈ آپریشن شرع کر دیا ، روشن زیب خان

September 18, 2021

پشاور(نمائندہ خصوصی) سب ڈویژنل پولیس آفیسر پبی سرکل روشن زیب خان نے کہا ہے کہ اکبر پورہ اور 27 نواحی دیہات میں پولیس کے خصوصی کمانڈو ز دستے تشکیل دے کر علاقہ کو جرائم سے پاک کر کے امن کا گہوارہ بنانے منشیات فروشی و قمار بازی کے اڈوں کا صفایا کرنے کے لئے گرینڈ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے مجرموں کے ٹھکانوں پر دن رات چھاپے مارے جا رہے ہیں جس سے مجرموں پر لرزہ طاری ہوگیا ہے اور مجرموں کی سرگرمیوں ماند پڑ گئی ہے ہوائی فائرنگ اور اسلحہ کی نمائش پر پابندی لگا دی گئی ہے ۔ایس ڈی پی او روشن زیب خان نے اکبر پورہ میں کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام اور علماء اکرام کے تعاون سے جرائم کا خاتمہ ہو سکتا ہے لہٰذا عوام کو جرائم کے خاتمے کے لئے پولیس سے بھرپور تعاون کرنا چاہیں ایس ایچ او اکبر پورہ مراد خان نے کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علاقہ کی تمام مساجد میں اجتماعات کا اہتمام کیا جائے گا او رعوام کا تعاون حاصل کیا جائے گا جبکہ علماء اکرام کو بھی اعتماد میں لیا جائے گا ۔ متحدہ عوامی محاذ کے سربراہ و ڈسٹرکٹ انصاف کمیٹی ضلع نوشہرہ کے سابق چیئرمین سید سبزعلی شاہ صوبائی اسمبلی کے سابق امیدوار سید افتخارعلی شاہ ، اکبر پورہ کے سابق ناظم حاجی سید ایوب شاہ سابق کونسلر سید منصف شاہ ، انجمن تاجران اکبر پورہ کے صدر صلاح الدین ملک فرید اللہ خان اور علاقہ کے دوسرے معززین نے کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایس ایچ او اکبر پورہ مراد خان کی طرف سے مجرموں کے خلاف کامیاب آپریشن سے جرائم کا خاتمہ ہوگیا ہے اور علاقہ امن کا گہوارہ بن گیا ہے ۔