جمعیت (س) کے زیراہتمام آل پارٹیز جرگہ 24اکتوبر کو ہوگا‘ مفتی عبدالواحد

September 19, 2021

کوئٹہ( این این آئی)جمعیت علما ء اسلام (س) کے صوبائی قائم مقام امیر مولانا مفتی عبدالواحد بازئی نے کہا ہے کہ 24اکتوبرکو جمعیت (س) کے زیراہتمام آل پارٹیزجرگہ ہوگا جس میں اغبرگ ،نوحصارمیں عوام کی زمینوں پرلینڈ مافیا کے قبضے اور ہائوسنگ اسکیموں کے نام پرشہریوں کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے کے خلاف مشترکہ لائحہ عمل مرتب کیا جائے گا۔ یہ بات انہوں نے گزشتہ روز حاجی میراحمد خان شاہوانی ، سردارنسیم خان محسود ، ملک نعیم خان نوحصار،احسن خان بازئی ، عصمت اللہ اچکزئی ،خالد خان ترین ودیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ سے متصل علاقے اغبرگ اور نوحصار میں سازش کے تحت غیرقانونی اسکیمات شروع کی گئی ہیں جس میں ایک اسکیم نے تقریباً 50ہزار فائلیں دی ہیں جس میں ابھی تک کسی کو قبضہ نہیں دیا گیا،شہر کے غریب عوام کوایک گروہ ہاوسنگ اسکیمات کے نام پر دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہا ہے جس میں اکثریت سفید پوش اور شریف لوگوں کی ہے ۔جماعت اس ظلم کے خلاف خاموش نہیں رہے گی بلکہ مظلوم عوام کے حق میں بھر پور آواز بلند کریگی۔انہوں نے کہا کہ حکومت سے مطالبہ ہے کہ ہائوسنگ اسکیم کے نام پر عوام کولوٹنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔