UAE: گولڈن جوبلی تقریبات پر تین روزہ اسپورٹس ایکسپو کے انعقاد کا اعلان

September 20, 2021

دبئی (سبط عارف) UAE میں گولڈن جوبلی تقریبات پر تین روزہ اسپورٹس ایکسپوکے انعقاد کا اعلان، دبئی کے ورلڈ ٹریڈ سینٹر میں ہونے والے میگا اسپورٹس ایونٹ میں 190 سے زائد ممالک کے حصہ لینے کی توقع ۔

تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات ملک کی گولڈن جوبلی تقریبات منانے کیلئے دبئی میں 2 دسمبر سے 4 تک ’اسپورٹس ایکسپو‘ منعقد کرنے جا رہا ہے ۔

توقع ہے کہ دبئی کے ورلڈ ٹریڈ سینٹر میں ہونے والے میگا اسپورٹس ایونٹ میں 190 سے زائد ممالک حصہ لیں گے۔

جنرل اتھارٹی آف اسپورٹس دبئی نے تین روزہ میگا ایکسپو کا اعلان کیا اور پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کو مدعو کرنے کی خواہش ظاہر کی۔

شرکاء نے کھیلوں کے شعبے میں پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان کی قیادت کو سراہا اور تسلیم کیا کہ عمران خان واحد کھیل کے لیجنڈ ہیں جنہوں نے اپنی کھیلوں کی لیڈرشپ کی خوبیوں کو استعمال کیا اور ملک کا اعلیٰ ترین عہدہ سنبھالا۔

منتظم نے تقریب میں کہا کہ ایکسپو کا مقصد کھیلوں کے لیجنڈز اور ستاروں کو خراج تحسین پیش کرنا ہے نہ صرف اماراتی اسپورٹس اسٹارز کو بلکہ ان لوگوں کو بھی جنہوں نے امارات میں کھیلا ہے۔

دی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ڈائریکٹر آف کارپوریٹ کمیونیکیشن اینڈ کمیونٹی آؤٹ ریچ ، متحدہ عرب امارات کی وزارتِ صدارتی امور فرحان حسن المرزوقی نے دبئی میں میگا اسپورٹس شو کا اہتمام کرنے پر خوشی کا اظہار کیا اور خواہش ظاہر کی کہ متحدہ عرب امارات پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کو اسپورٹس ایکسپو میں دیکھنا پسند کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کو تشہیر کی ضرورت نہیں لیکن کھیلوں کی برادری چاہتی ہے کہ وزیر اعظم اسپورٹس ایکسپو میں حصہ لیں اور نوجوانوں کو متاثر کریں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ کچھ پاکستانی تارکین وطن بھی اسپورٹس ایکسپو کی آرگنائزنگ کمیٹی میں شامل ہیں اوروہ کرکٹ ، ہاکی ، اسکواش ، سنوکر اور دیگر کھیلوں سے پاکستان کے اسپورٹس لیجنڈز کو دکھانا چاہتے تھے۔

اس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستانی تاجر آصف علی چوہدری، جو اسپورٹس ایکسپو کا حصہ ہیں ، نے کہا کہ پاکستان نے کھیلوں کے میدان میں بہت سے لیجنڈز پیدا کیے حالانکہ ملک میں کھیلوں کی تربیت کی سہولیات محدود ہیں۔

انہوں نے متحدہ عرب امارات کے بابائے قوم شیخ زید بن سلطان النہیان کو ہر شعبے میں ان کی شراکت پر خراج تحسین پیش کیا۔

مزید یہ کہ فاطمہ بنت مبارک اکیڈمی برائے خواتین کے کھیلوں کی نمائندہ مسز فاطمہ الامیری نے دی نیوز کو بتایا کہ متحدہ عرب امارات کی کامیابی میں خواتین کا اہم کردار رہا ہے اور قیادت ہمیشہ خواتین کو کھیلوں میں بھی حصہ لینے کی ترغیب دیتی ہے۔