عمر شریف کے دل کے ایک والو نے کام کرنا چھوڑ دیا ہے، ڈاکٹر طارق شہاب

September 21, 2021

نیویارک (مانیٹرنگ ڈیسک)لیجنڈری کامیڈین، میزبان و اداکار عمر شریف کا امریکا میں علاج کرنے والی ٹیم کے رکن پاکستانی نژاد ڈاکٹر طارق شہاب نے واضح کیا ہے کہ اداکار کی بیماری سے متعلق پھیلائی جانے والی افواہیں غلط ہیں، انہیں عارضہ قلب لاحق ہے ،اورگردوں کے مسائل اور ذیابطیس بھی ہے۔نجی چینل کے پروگرام میں اداکارہ ریما کے شوہر امراض قلب کے ماہر ڈاکٹر طارق شہاب نے کہا کہ انہوں نے ہی عمر شریف کو علاج کے لیے امریکا منتقل ہونے کا مشورہ دیا اور ان کی مشاورت سے ہی اداکار کو ایئر ایمبولینس کے ذریعے منتقل کیا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ ایک ہفتہ قبل انہیں پاکستان سے کاروباری حضرات کی ایک تنظیم نے فون کرکے بتایا کہ انہیں مدد کی ضرورت ہے اور کہا کہ عمر شریف سخت بیمار ہیں۔ڈاکٹر طارق شہاب کے مطابق انہیں عمر شریف کی اہلیہ زرین غزل نے بتایا کہ ڈاکٹرز نے انہیں کہا کہ عمر شریف کے دل سے خون بہہ رہا ہے اور ان کے پاس صرف 14 دن ہیں، ان کا علاج امریکا میں ہی ممکن ہے۔ان کے مطابق انہوں نے زرین غزل کو عمر شریف کے ٹیسٹ بھجوانے کا کہا، جنہیں دیکھنے کے بعد ہی انہوں نے اداکار کو امریکا منتقل کرنے کی تجویز دی۔ڈاکٹر طارق شہاب کے مطابق عمر شریف کے دل سے خون نہیں بہہ رہا بلکہ ان کے دل کے ایک ’وال‘ نے کام کرنا چھوڑ دیا ہے اور دل میں جمع ہونے والا خون واپس ’پھیپھڑوں‘ کی جانب جا رہا ہے، جس کی وجہ سے اداکار کو سانس لینے میں بھی مشکل درپیش ہے۔انہوں نے بتایا کہ عام زبان میں ڈاکٹر مذکورہ مسئلے کو دل سے خون بہنا ہی کہتے ہیں مگر درحقیقت اس سے خون نہیں بہتا بلکہ دل مکمل طرح سے کام کرنا چھوڑ دیتا ہے۔ڈاکٹر طارق شہاب کے مطابق عمر شریف کا ’اوپن ہارٹ سرجری‘ نہیں ہوگی بلکہ اندر جاکر ان کے کمزور ’وال‘ کو دوسرے ’وال‘ سے جوڑا جائے گا اور مذکورہ عمل کافی پیچیدہ ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ان سمیت مجموعی طور پر 4 سرجن، میڈیکل آلات چلانے اور ادویات فراہم کرنے والے طبی عملے کے لوگ بھی ہوں گے اور مجموعی طور پر 10 افراد عمر شریف کا علاج کرنے والی ٹیم کا حصہ ہوں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ عمر شریف کے علاج کے لیے اسپتال کا بل 70 سے 75 ہزار امریکی ڈالر یعنی پاکستانی ایک کروڑ 10 لاکھ سے سوا کروڑ روپے تک کے اخراجات آئیں گے۔