لندن انڈر گراؤنڈ میں دو نئے ٹیوب سٹیشنز کھول دیئے گئے

September 21, 2021

لندن (پی اے) رواں صدی میں لندن انڈر گرائونڈ کی پہلی بڑی توسیع کے سلسلے میں دو نئے ٹیوب سٹیشنز کو کھول دیا گیا ہے۔ 1.1 بلین پونڈ پروجیکٹ کے بعد نئے ناردن لائن روٹ کی پہلی ٹرین بیٹرسی پاور سٹیشن سے مقامی وقت 05:28 بی ایس ٹی پر روانہ ہوئی۔ دوسرے نئے سٹیشن نائن ایلمز سے قبل یہ ٹرین موجودہ سٹیشن آف کننگٹن پر پہنچی تھی۔ لندن کے میئر صادق خان نے کہا کہ دارالحکومت کی ریکوری میں سروسز مرکزی کردار ادا کریں گی۔ 1990 کے اواخر میں جوبلی لائن کی توسیع کے بعد ٹیوب میں یہ پہلی بڑی توسیع ہے۔ گریٹر لندن اتھارٹی نے اس پروجیکٹ کیلئے 1 بلین پونڈ کا قرض لیا ہے، جس کو لوکل ایریاز سے بزنس ریٹس کے ساتھ فنڈ کیا جائے گا اور 270 ملین پونڈ کا کنٹری بیوشنڈیولپرز کی جانب سے ہوگا۔