بارش کے بعد راول روڈ تالاب کا منظر پیش کرنے لگا، ٹریفک بلاک

September 22, 2021

راولپنڈی ( خبر نگار خصوصی) راولپنڈی میں گزشتہ روز ہونیوالی موسلادھار بارش کے بعد راول روڈ پر کھڑے پانی کے باعث روڈ تالاب کا منظر پیش کرنے لگا ۔ گزشتہ روز ہونے والی طوفانی بارش سے راول روڈ پوری طرح بارشی پانی میں ڈوب گیا جس کی وجہ سے ٹریفک کا نظام بری طرح متاثر ہوا اور شہریوں کی گاڑیاں اور موٹر سائیکل بند ہو گئے جس سے شہریوں کو شدید مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔ اس دوران ایمبولینس اور 1122 کی گاڑیاں بھی کئی گھنٹوں تک پانی میں پھنسی رہیں۔ بعد ازاں واسا عملہ نے ہیوی مشینری سمیت موقع پر پہنچ کر بارشی پانی کی نکاسی کیلئے فوری اقدامات شروع کر دیئے جس کے بعد راول روڈ کلیئر ہو گیا اور ٹریفک کی روانی بحال ہو گئی ۔ مینجنگ ڈائریکٹر راجہ شوکت محمود نے اپنی زیر نگرانی میں 3 گھنٹے کی کوششوں سےنکاسی آب کے اقدامات کر وائے جس کے بعد ٹریفک کی روانی بحال ہو گئی۔