بھارت کے شہر گریٹر نوئیڈا میں ایک افسوسناک واقعے میں جنوبی کوریا سے تعلق رکھنے والا شہری اپنی پارٹنر کے ہاتھوں مبینہ طور پر قتل کردیا گیا۔
پولیس کے مطابق ملزمہ خاتون کا تعلق ریاست منی پور سے ہے، جسے حراست میں لے لیا گیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق نالج پارک تھانے کو جی آئی ایم ایس اسپتال کی جانب سے اطلاع دی گئی کہ ایک غیر ملکی شہری کو مردہ حالت میں اسپتال لایا گیا ہے، مقتول کی شناخت ڈَک ہی یوہ (Duck Hee Yuh) کے نام سے ہوئی، جسے اس کی ساتھی خاتون اسپتال لے کر پہنچی تھی، ڈاکٹروں نے تصدیق کی کہ وہ اسپتال پہنچنے سے قبل ہی دم توڑ چکا تھا۔
ملزمہ خاتون کی شناخت لونجیانا پامائی کے نام سے ہوئی ہے، پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش میں خاتون نے بیان دیا کہ مقتول شراب نوشی کے بعد اکثر اس پر تشدد کرتا تھا اور واقعے کے روز بھی دونوں کے درمیان شدید جھگڑا ہوا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ یہ جوڑا گریٹر نوئیڈا کے ایک اپارٹمنٹ میں ساتھ رہ رہا تھا، مقتول ایک موبائل کمپنی میں بطور منیجر کام کرتا تھا، واقعے کے روز شراب نوشی کے دوران جھگڑا شدت اختیار کر گیا، جس کے دوران ملزمہ نے مبینہ طور پر اپنے بوائے فرینڈ کے سینے میں چاقو مار دیا۔
واقعے کے بعد ملزمہ خود زخمی کو اسپتال لے کر پہنچی، جہاں پولیس نے اسے حراست میں لے لیا، دورانِ تفتیش خاتون نے مؤقف اختیار کیا کہ اس کا قتل کرنے کا ارادہ نہیں تھا اور اس نے یہ قدم غصے اور خوف کی حالت میں اٹھایا۔
پولیس کے مطابق پوسٹ مارٹم رپورٹ کا انتظار کیا جا رہا ہے، جس کے بعد زخموں کی تعداد اور موت کی حتمی وجہ کی تصدیق ہو سکے گی۔