علامہ محمد سجاد رضوی سے دینی و سماجی رہنمائوں کی تعزیت

September 23, 2021

ہیلی فیکس( زاہد انور مرزا) الفیض ٹرسٹ یوکے ،کے چیئرمین علامہ محمد سجاد رضوی کو پھوپھی کے انتقال کے بعد اپنے کزن عالم دین علامہ مفتی محمد اشرف القادری کے انتقال پر برطانیہ بھر سے معروف دینی و سماجی رہنمائوں نے اپنے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور اپنی مساجد میں فاتحہ خوانی کی۔ مرکزی سنی جمعیت علمائے برطانیہ کے مرکزی صدر مفتی محمد اسلم نقشبندی نے اپنی جماعت کی طرف سے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یکے بعد دیگرے قریبی عزیزوں کا اس طرح ہمیشہ کے لئے بچھڑ جانا یقیناً نہایت تکلیف دہ امر ہے، یہ ایسے رشتے ہیں جن سے محبت و الفت کا تعلق نہایت مضبوط ہوتا ہے اور خاندان کی رونق انہی افراد سے قائم ہوتی ہے۔ باالخصوص مفتی محمد اشرف القادری جیسی علمی و روحانی ہستی کا اس جہاں سے جانا بہت بڑا نقصان ہے۔ مرکزی سنی جمعیت علمائے برطانیہ اس آزمائش کی گھڑی میں علامہ محمد سجاد رضوی سے نہ صرف تعزیت کرتی ہے بلکہ ان کے دردوکرب میں برابر کی شریک ہے۔ شفیلڈ سے جید عالم دین مفتی محمد اختر القادری نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ اپنے وطن سے دور رہ کر وطن میں رہنے والے عزیزوں کے بچھڑ جانے کی خبر دوہری تکلیف دیتی ہے، باالخصوص جب کہ ابھی کورونا کی پابندیاں مکمل ختم نہیں ہوئی ہیں اور سفری سہولتوں کا فقدان ہے، یہ دردناک صورتحال مزید شدید ہوجاتی ہے، ہم دعاگو ہیں کہ اللہ تعالیٰ علامہ محمد سجاد رضوی کو صبر عطا فرمائے۔ اس کے علاوہ پروفیسر سلیم اختر، علامہ عمر حیات قادری، علامہ عبدالعزیز چشتی، مولانا قاری غلام یٰسین، علامہ نوید جمیل، علامہ نصیر اللہ نقشبندی، علامہ امتیاز حسین، علامہ مقصود احمد قادری، علامہ مظہر حسین اور دیگر نے علامہ محمد سجاد رضوی سے تعزیت کی اور مرحومین کیلئے دعائیہ کلمات کہے۔