• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نہال ہاشمی کو گورنر سندھ تعینات کرنے کا فیصلہ

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما نہال ہاشمی کو گورنر سندھ تعینات کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔

اس حوالے سے وزیرِ اعظم آفس کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق وزیرِ اعظم شہباز شریف نے سمری منظوری کے لیے صدرِ پاکستان آصف علی زرداری کو بھجوا دی ہے۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے نہال ہاشمی سے ملاقات کی اور گورنر سندھ تعیناتی پر انہیں مبارک باد دی ہے، ملاقات میں رانا ثناء اللّٰہ، اسحاق ڈار اور دیگر بھی موجود تھے۔

مسلم لیگ ن کے سنیئر رہنما نہال ہاشمی کا تعلق کراچی سے ہے۔

خیال رہے کہ اس وقت گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری ہیں جن کا تعلق ایم کیو ایم پاکستان سے ہے۔

نہال ہاشمی کے سیاسی کیریئر پر مختصر نظر

نہال ہاشمی 1997ء سے 1999ء تک وزیرِ اعظم نواز شریف کے مشیر برائے قانون و انصاف رہے، 2012ء میں انہوں نے کراچی میں مسلم لیگ ن کے صدر کے طور پر خدمات انجام دیں اور پھر اگست 2014ء میں انہیں سندھ میں مسلم لیگ ن چیپٹر کا جنرل سیکریٹری بنایا گیا، پھر 2015ء میں وہ مسلم لیگ ن کی پنجاب سے نشست پر سینیٹ کے امیدوار منتخب ہوئے اور اب انہیں گورنر سندھ بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

2017ء میں پاناما کیس سے متعلق متنازع بیان پر نہال ہاشمی کو مسلم لیگ ن سے نکال دیا گیا تھا تاہم پھر 2021ء میں ان کی رکنیت بحال کر دی گئی تھی۔

قومی خبریں سے مزید