• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وائرل بھارتی لڑکی ’مونالیزا‘ نے پولیس سیکیورٹی کے درمیان مسلمان بوائے فرینڈ فرمان خان سے نکاح کرلیا

فوٹوز بشکریہ بھارتی میڈیا
فوٹوز بشکریہ بھارتی میڈیا 

مہاکمبھ میلے سے وائرل ہونے والی سوشل میڈیا اسٹار، ’مہاکمبھ گرل‘ مونالیزا بھوسلے نے اپنے بوائے فرینڈ فرمان خان سے بین المذاہب شادی کر لی ہے، شادی گزشتہ روز کیرالہ کے ایک مندر میں سخت پولیس سیکیورٹی کے درمیان انجام پائی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق 18 سالہ مونالیزا بھوسلے کی ملاقات تقریباً 6 ماہ قبل سوشل میڈیا پلیٹ فارم فیس بک پر مہاراشٹر سے تعلق رکھنے والے فرمان خان سے ہوئی، دونوں کے مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے کی وجہ سے لڑکی کے خاندان، خصوصاً والد جئے سنگھ بھوسلے نے اس رشتے کی مخالفت کی تھی۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ وائرل گرل کے والد کی جانب سے مونالیزا پر زبردستی شادی کا دباؤ بھی ڈالا گیا، اس دوران مونالیزا کیرالہ میں اپنی پہلی ملیالم فلم ’ناگما‘ کی شوٹنگ میں مصروف تھی جہاں اس کے والد نے پہنچ کر اِسے واپس لے جانے کی بھی کوشش کی۔

صورتحال کشیدہ ہونے پر مونالیزا اور فرمان خان نے تھمپننور پولیس اسٹیشن میں پناہ لے کر تحفظ کی درخواست دائر کی۔ 

بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس نے واضح کیا ہے کہ چونکہ مونالیزا کی عمر 18 سال ہے، اس لیے انہیں اپنی زندگی کے فیصلے کا مکمل قانونی حق حاصل ہے۔

پولیس کے مطابق قانونی کارروائی کے بعد دونوں نے مندر میں شادی کر لی ہے، شادی ہندو رسومات کے تحت انجام پائی ہے، تقریب میں کیرالہ کے وزیر تعلیم سمیت کئی سیاسی شخصیات نے بھی شرکت کی۔

شادی کی تقریب میں دلہن مونالیزا نے سرخ ساڑھی اور سندور جبکہ دلہا فرمان خان نے روایتی سفید شرٹ اور مُنڈو زیب تن کیا۔

یاد رہے کہ مونالیزا بھوسلے پہلی بار 2025ء کے مہاکمبھ میلے، پریاگ راج میں  مالائیں فروخت کرتے ہوئے وائرل ہوئی تھی، ان کی منفرد آنکھوں اور مسکراہٹ کے باعث انہیں ’مہاکمبھ گرل‘ کا نام دیا گیا تھا۔

مونالیزا اب ملیالم فلم ’ناگما‘ میں اداکار کیلاش کے ساتھ جلوہ گر ہوں گی جبکہ وہ سنوج مشرا کی بالی ووڈ فلم ’دی ڈائری آف منی پور‘ میں بھی نظر آنے کی تیاری کر رہی ہیں۔ 

سوشل میڈیا پر بھی وہ مختلف برانڈز کے ساتھ کام کرتی نظر آتی ہیں۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید