گھر میں لاکھوں کی ڈکیتی، 4 گاڑیاں،23 موٹرسائیکل بھی اڑالئے گئے

September 23, 2021

راولپنڈی‘ اسلام آباد (سٹاف رپورٹر، خصوصی نامہ نگار) راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں ڈکیتی، سرقہ بالجبر‘ چوری‘ نقب زنی اور راہزنی کی وارداتوں میں شہری 2گاڑیوں‘ رکشے 18موٹر سائیکلوں، طلائی زیورات، موبائل فونز، مویشیوں اور نقدی وغیرہ سے محروم ہو گئے۔ اسلام آباد سے دو گاڑیاں، 5موٹر سائیکل اڑا لئے گئے۔ تھانہ سول لائن کے علاقہ قاضی آباد میں محمد خالد خان کے پاک کشمیر نان سنٹر پر 5ملزمان گن پوائنٹ پر دو موبائل اور 2لاکھ روپے چھین لے گئے۔ تھانہ ٹیکسلا وحدت کالونی میں 2موٹر سائیکل سوار تنویر حسین سے گن پوائنٹ پر50 ہزار روپے،9 ایزی لوڈ والے موبائل اور مختلف کالنگ کارڈز مالیتی 45ہزار چھین کر لے گئے۔ تھانہ روات کے علاقہ فیز7 میں حمزہ علی کی شاپ پر 2خواتین اور ایک مرد اسلحہ کی نوک پر یاسر سے 90ہزار چھین کر لے گئے۔ تھانہ بنی سیدپور روڈ پر نامعلوم چور محمد یسین کی دکان کی پچھلی دیوار توڑ کر 3لاکھ چرا لےگئے۔ تھانہ صادق آباد شکریال میں رقیہ رانی کے گھر سے اسکے بہنوئی نے 10لاکھ اور2 موبائل چوری کر لئے۔ تھانہ آر اے بازار کے علاقہ دھمیال روڈ پر نامعلوم چور ملک الحیان شعیب کے گھر کے تالے توڑ کر 5لاکھ کی 7قیمتی گھڑیاں اور لیپ ٹاپ چوری کر کے لے گئے۔ تھانہ ریس کورس کیانی روڈ پر کانسٹیبل حماد احمد کے گھر سے سونا2 تولے اور پونے 4لاکھ رقم چوری ہو گئی۔ واہ ماڈل ٹائون میں علی زمان کے گھر کے تالے توڑ کر ایک لاکھ دس ہزار اور دیگر پونے 5لاکھ کا سامان چوری ہو گیا۔ تھانہ گولڑہ جی 14فور میں رانا مبشر کے گھر سے چار مسلح افراد 44تولے زیورات، نقدی اور موبائل فون مالیتی 45لاکھ لوٹ کر فرار ہو گئے۔ تھانہ کھنہ ڈھوک کالا خان میں بلال سے 3افراد نے لاکھ روپے چھین لئے۔ تھانہ آئی نائن کے علاقے آئی ایٹ تھری میں ساجد کے گھر سے 19لاکھ کے زیورات چرا لئے گئے۔ اسلحہ کی نوک پر راہزنی کی وارداتیں تھانہ رتہ امرال، بنی، نیو ٹائون، صادق آباد، واہ کینٹ، روات، سٹی، وارث خان، ویسٹرج، نصیر آباد، ریس کورس، سول لائن، ائرپورٹ، صدر واہ، گوجر خان، شمس کالونی، سبزی منڈی، کورال، تھانہ شہزاد ٹائون کے علاقوں میں ہوئیں۔