تبدیلی کیلئے کتاب دوستی کا شعور اجاگر کیا جائے‘ سینیٹر ثمینہ

September 23, 2021

کوئٹہ ( پ ر) بندوق کی بجائے قلم وقت کی ضرورت ہے کوئی بھی قوم تعلیم کے بغیر ترقی نہیں کر سکتی ۔ان خیالات کا اظہار سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے نوجوانوں کے ایک وفد سے ملاقات میں کیا ۔انہوں نے کہا کہ آج کا نوجوا ن باشعور ہو چکا ہے اوراسے ورغلایا نہیں جا سکتااور اسے اپنے اچھے برے کی پہچان ہو چکی ہے ۔انہوں نے کہا کہ معاشرے میں جب تک اسلحہ کلچر کا خاتمہ اور کتابوں سے دوستی کا شعور اجاگر نہیں کیا جاتااس وقت تک کوئی بھی قوم ترقی نہیں کر سکتی ۔ آج جن قوموں نے ترقی کی انہوں نے اسلحہ کلچر کا خاتمہ اور کتابوں سے محبت کو اپنایا۔ معاشرے میں تبدیلی کے لئے ہمیں چاہئے کہ نوجوان نسل کو تعلیم کی طرف راغب کیا جائے اور بلوچستان کے عوام کو پسماندگی سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کیا جائے اس کے لئے بلوچستان میں نوجوانوں کے لئے اعلیٰ تعلیم فنی تعلیم کے مواقع پیدا کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے ۔صوبائی اور وفاقی سطح پر بلوچستان میں نوجوانوں کے لئے تعلیم اور دیگر فنی شعبوں میں بہت سے مواقع متعارف کرائے جارہے ہیںاس سلسلے میں بلوچستان کے نوجوانوں کے لئے ملکی و غیر ملکی سطح پر سکالر شپ پروگرامز موجود ہیں جن سے استفادہ حاصل کر کے بلوچستان کے نوجوان مختلف شعبوں میں مہارت حاصل کر کے ملکی ترقی و خوشحالی میں اپنا کردار ادا کر سکتے ہیں۔