میٹرو پولیٹن کارپوریشن کی جانب سے غیر قانونی کمرشل تعمیرات کیخلاف کریک ڈاؤن

September 23, 2021

ملتان (سٹاف رپورٹر) میٹرو پولیٹن کارپوریشن کی حدود میں غیر قانونی کمرشل تعمیرات کی بھرمار کی وجہ سے قومی خزانے کو مختلف فیسوں کی مد میں بھاری نقصان اٹھانا پڑ رہا تھا ، جس پر ایڈمنسٹریٹر و چیف آفیسر میٹرو پولیٹن کارپوریشن کی جانب سے غیر قانونی کمرشل تعمیرات کی حوصلہ شکنی کے لئے گرینڈ آپریشن لانچ کر دیا گیا ہے - گزشتہ روز انفورسمنٹ ونگ نے مختلف علاقوں میں کارروائی کی اور موضع کوٹلہ سمیت دیگر علاقوں میں زیر تعمیر پانچ دکانوں کو مسمار کر دیا گیا - میٹرو پولیٹن کارپوریشن انتظامیہ کی جانب سے غیر قانونی تعمیرات کرنے والے افراد کو بھاری جرمانے بھی عائد کئے گئے - دوسری جانب انفورسمنٹ ٹیم نے گزشتہ روز بھی غیر قانونی پارکنگ اسٹینڈز کے خلاف بھی کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھا ، اور غیر قانونی طور پر پارکنگ فیس وصول کرنے والے دو افراد کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کروا دیا -