پبی کےعلاقوں میں سماج دشمن عناصر کے خلاف آپریشن شروع

September 23, 2021

پشاور(نمائندہ خصوصی)سب ڈویژنل پولیس آفیسر پبی سرکل روشن زیب خان نے کہا ہے کہ پبی سرکل کے ایک سو سے زائددیہات میں جرائم کے خاتمے اور علاقہ کو امن کا گہوارہ بنانے کے لئے مجرموں کے خلاف دائرہ تنگ کر کے پولیس کے بیس خصوصی کمانڈوز دستے تشکیل دے کر مجرموں کے خلاف گرینڈ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔ پولیس سٹیشن اکبر پورہ کے سٹیشن ہائوس آفیسر مراد خان پولیس سٹیشن پبی کے سٹیشن ہائوس آفیسر پولیس سٹیشن اضا خیل اور پولیس سٹیشن جلوزئی کے سٹیشن ہائوس آفیسر کی قیادت میں پولیس کمانڈوز دستوں کی طرف سے دن رات مجرموں کے خفیہ ٹھکانوں پر چھاپے مارے جا رہے ہیں ایس ڈی پی او روشن زیب خان نے متحدہ عوامی محاذ کے سربراہ سید سبز علی شاہ متحدہ عوام محاذ کے صدر و سابق امیدوار صوبائی اسمبلی سید حیدر علی شاہ باچا پیپلز پارٹی کے رہنما و سابق امیدوار صوبائی اسمبلی سید افتخار علی شاہ اے این پی کے صوبائی کونسلر حاجی مصری خان انجمن تاجران اکبر پورہ کے صدر صلاح الدین پیپلز پارٹی اکبر پورہ کے صدر سید جمیل شاہ اور جنرل سیکرٹری سید مصنف شاہ کی قیادت میں ان سے ملاقات کرنے والے معززین علاقہ اور تاجروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کی طرف سے جرائم کے خاتمے اور امن کے لئے علمائے کرام اور عوام کا تعاون حاصل کرنے کے لئے پبی سرکل کے تمام دیہات کی مساجد میں اجتماعات کا اہتمام کیا جائے گا۔ وفد کی طرف سے پولیس سٹیشن اکبر پورہ کے سٹیشن ہائوس آفیسر مراد خان کی کارکردگی کو سرہتے ہوئے کہا گیا کہ اکبر پورہ اور نواحی دیہات میں مجرموں کے خلاف آپریشن سے مجرموں کی سرگرمیاں ماند پڑ گئی ہیں۔