شہزادہ ہیری اور میگھن کرسمس پر برطانیہ جائیں گے؟

September 23, 2021

شاہی خاندان سے علیحدگی اختیار کرنے والے شہزادہ ہیری، اہلیہ میگھن مارکل اور ان کے دونوں بچے آرچی اور لیلیبٹ متوقع طور پر کرسمس پر برطانیہ جائیں گے۔

شاہی مبصر کیٹی نکول کے مطابق کرسمس ایک ایسا موقع ہے جب ڈیوک اور ڈچز آف سسیکس برطانوی شاہی خاندان کے ساتھ دوبارہ ملیں اور انہیں موقع ملے کہ وہ اپنی بیٹی لیلیبٹ کو شاہی خاندان سے ملوا سکیں جوکہ رواں سال جون میں امریکا میں پیدا ہوئی ہے۔

کیٹی نکول نے اپنے انٹرویو میں یہ بھی بتایا کہ جب ہیری اور میگھن برطانیہ سے چلے گئے تھے تو انہوں نے واضح کیا تھا کہ وہ برطانیہ میں اپنا گھر مکمل طور پر نہیں چھوڑنا چاہتےاور فروگمور کاٹیج ابھی بھی ان کے پاس موجود ہے اور ان کا برطانیہ واپس آنے کا ارادہ بھی تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس سال کرسمس کو ایک ایسے موقع کے طور پر دیکھا جا رہا ہے کہ جو کہ شاہی خاندان کے ساتھ شہزادہ ہیری اور میگھن کے اختلاف کو ٹھیک کرنے کی راہ ہموار کر سکتا ہے۔

شاہی مبصر نے اس بارے میں مزید کہا کہ یہ یقینی طور پر ملکہ کی خواہش ہے اور شہزادہ چارلس بھی اپنے پوتے پوتیوں کو دیکھنا پسند کریں گے۔