کافی اورسینڈوچ چین پریٹ 3,000افراد بھرتی کرے گا

September 24, 2021

لندن(پی اے )کافی اورسینڈوچ چین پریٹ نے اگلے سال کے آخر تک 3,000 افراد بھرتی کرنے کااعلان کیاہے اس ادارے نے کورونا کے باعث گزشتہ سال اتنی ہی تعداد میں ملازمین کی چھانٹی کردی تھی،پریٹ کا کہنا ہے کہ توقع ہے کہ اگلے 5 سال کے دوران اس کے ملازموں کی تعداد دگنی ہوجائے گی ،ادارے نے اگلے 2 سال کے دوران یعنی 2023 کے آخر تک برطانیہ میں 200 نئی دکانیں کھولنے اور بیرون ملک 5 مارکیٹوں میں پیر جمانے کا منصوبہ بنایا ہے ،زیادہ تر نئی دکانیں ٹرین اور بس اسٹیشنز اور موٹر وے پر کھولی جائیں گی ،توسیع کایہ منصوبہ مسافروں اور دفاتر میں کام کرنے والوں کے مطالبے پر تیار کیاگیاہے۔ پریٹ نے کورونا کی وجہ سے پہلی مرتبہ ہونے والے لاک ڈائون کے دوران برطانیہ میں اپنا ایک تہائی عملہ کم کرتے ہوئے 3,000 افراد کو فارغ کردیاتھا،زیادہ تر لوگوں کو دکانوں سے فارغ کیاگیاتھا۔ کمپنی کے مطابق گزشتہ سال اس کی آمدنی میں 58 فیصد تک کمی ہوئی، ادارے کے چیف ایگزیکٹو نے گزشتہ روز بتایا کہ گزشتہ سال سب سے مشکل مرحلہ ملازمین کو فاضل قرار دیناتھا انھوں نے کہا کہ اس حوالے سے میرا فیصلہ میری زندگی کامشکل ترین فیصلہ تھا۔ پریٹ کا کہناہے کہ JAB کی جانب سے اس کے ادارے میں 100 ملین پونڈ کی سرمایہ کاری کی گئی ہے۔جس کے بعد اب پریٹ کے بانی سنکلیئر بیچم توسیعی منصوبے پر کام تیز کریں گے انھوں نے کہا کہ گزشتہ سال کورونا کی وجہ سے ہم مشکلات میں گھرے ہوئے تھے لیکن اب ہمیں ایک روشن مستقبل کی تعمیر کاموقع ملا ہے ۔ پریٹ میں اس سال کے آغاز سےاب تک ملازمین کی تعداد میں 28 فیصد اضافہ کیا گیا ہے اور اب اس ادارے کے ملازمین کی تعداد 6,000 سے تجاوز کرچکی ہے اس سال بھرتی کئے جانے والے ملازمین میں کم وبیش 30 فیصد اس سے قبل بھی اس ادارے میں کام کرچکے ہیں۔پریٹ کے منتظمین کاکہناہے کہ لوگوںکی بھرتی کرنا بھی اب ایک چیلنج ہے کیونکہ اب ہمیں یہ ثابت کرنا پڑتا ہے کہ ہم ایک اچھے آجر ہیں او ر اچھی اجرت دیتے ہیں ان کاکہناہے کہ اس کا ہمیں فائدہ پہنچا ہے اور اب ہم نے نئے عملے کو ترغیب دینے کیلئے بونس دینے کابھی اعلان کیا ہے گزشتہ ہفتہ پریٹ نے اپنے کیفے کے ملازمین کی اجرتوں میں 5 فیصد اضافہ کرنے کابھی اعلان کیاتھا۔اس طرح اب اس ادارے کے اسٹور کے ورکرز کی کم از کم اجرت حکومت کی مقرر کردہ 8.91 پونڈ کے بجائے 9.40 پونڈ فی گھنٹہ ہوگئی ہے ۔