36 سڑکوں کیلئے کمرشلائزیشن سٹیٹس، پارکنگ انڈر گرائونڈ ہو گی

September 24, 2021

راولپنڈی(خبر نگار خصوصی)راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے شہر کی 36سڑکوں پر کمرشلائزیشن سٹیٹس دیتے ہوئے ان سڑکوں پر تعمیر کئے جانے والے پلازوں کی اونچائی کو سڑک کے چوڑائی کے مطابق ہونے جبکہ پارکنگ صرف انڈر گرائونڈ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس سے ادارے کے ریونیو میں بھی اضافہ ہوگااور شہر کی اہم سڑکوں کی سائڈزپر پارکنگ ختم کیئے جانے سے ٹریفک کے مسائل حل اور روانی بھی برقرار رہے گی۔آر ڈی اے کے فیصلہ کے مطابق 120 فٹ چوڑی سڑک پر 120 فٹ بلند پلازہ کی تعمیر کی جا سکے گی۔راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے ڈسٹرکٹ پلاننگ اینڈ ڈیزائن کمیٹی کی کمپوزیشن میں تبدیلی لاتے ہوئے کمیٹی کا نیا نام پلاننگ اینڈ ڈیزائن کمیٹی کر دیا گیا اور کمیٹی کی سربراہی کمشنر کی بجائے ڈائریکٹر جنرل راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو سونپ دی گئی ہے ۔ کمرشلائزیشن سٹیٹس حاصل کرنے والی شہر کی 36 سڑکوں چکری روڈ،جی ٹی روڈ،ایئر پورٹ روڈ،ہائیکورٹ روڈ،ایکسپریس وے، مری ، ٹیکسلا سمیت ضلع راولپنڈی کی دیگر اہم ترین سڑکوں پر اب کمرشل تعمیرات کےلئے بنائے گئے فارمولے کے مطابق جس سڑک پر بلڈنگ تعمیر ہوگی اس سڑک کی چوڑائی کے برابر ہی بلڈنگ کی اونچائی بھی ہوگی جس کے بعد اب راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارتی کنٹرول ایریاء میں 65 تا120 فٹ تک اونچائی والی کمرشل بلڈنگ ہی تعمیر کی جا سکے گی۔