میاں نواز شریف نے پاکستان کو ترقی کی بلندی پر پہنچایا، خالد محمود گوندل

September 25, 2021

میلان ( شہباز بھٹی) اٹلی کے شہر میلان میں پاکستان مسلم لیگ ن اٹلی کے زیر اہتمام ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں اٹلی بھر سے پارٹی ورکرز نے شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ ن اٹلی کے صدرچوہدری خالد محمود گوندل نے کہا کہ اسحاق ڈار پارٹی کا بہت بڑا سرمایہ ہیں۔ان کی قیادت میں اوورسیز پی ایم ایل (ن) ورکرز بہت جلد متحد اور منظم ہو جائیں گے۔ بیرسٹر امجد ملک کی تعیناتی بطور چیف کو آرڈینیٹر انٹرنیشنل افیئرز اور اوورسیز پاکستانیز بہت ہی خوش آئند ہے۔ ہمارے قائد میاں نواز شریف نے اپنے دور اقتدار میں پاکستان کو ہر شعبے میں ترقی کی بلندیوں تک پہنچایا۔ 2013 میں پاکستانی معیشت خسارے میں جارہی تھی۔ انٹرنیشنل سروے پاکستان کو ڈیفالٹر دکھا رہے تھے ۔اسحاق ڈار جیسے ہی وزیر خزانہ بنے تو انہوں نے اپنے قائد کے وژن کے مطابق اقدامات کرنے شروع کر دیئے۔ ان کی بصیرت اور معاشی معاملات پر گرفت نے پاکستان کی معاشی جمود کو بہت جلد توڑ ڈالا۔ اور ایشین ٹائیگر کا خواب جو قائد محترم میاں نواز شریف نے دیکھا تھا اس کی تعبیر کا وقت قریب آگیا اور بہت کم عرصے میں پاکستان کی جی ڈی پی 6۔5 تک پہنچ گئی اور سٹاک ایکسچینج کا شمار دنیا کی بڑی مارکیٹوں میں ہونے لگا۔ اسی وجہ سے پاکستان کے عوام ہر الیکشن میں ن لیگ کو ہی اپنا نجات دہندہ سمجھتے ہیں جس کی مثال آپ کو حالیہ کنٹونمنٹ بورڈ کے الیکشن میں ملتی ہے۔