یمن میں ’جہنم کے کنویں‘ کا راز فاش ہوگیا

September 25, 2021

یمن کے شہر بارہوت میں جہنم کا کنواں کہلائے جانے والے غیر معمولی کنویں کے پر اسرار راز سے پردہ فاش ہوگیا۔ جنات اور دیگر مخلوقات کے لیے جیل سمجھے جانے والے اس قدرتی عجوبے کا راز کیا ہے؟

یمن کے شہر بارہوت میں موجود اس گڑھے کو جہنم کا کنواں کہا جاتا ہے۔ مقامی لوگوں کے مطابق اس کنوے میں سالوں سے متعدد جنات اور دیگر مخلوقات قید ہیں۔ یہ کنواں کئی سالوں سے یمنی کہانیوں کا مرکز بھی رہا، لیکن آثار قدیمہ کے ماہرین کی ایک ٹیم نے اس کنوے کی تہہ تک رسائی حاصل کرکے کنوے میں موجود رازوں سے پردہ اٹھادیا۔

ماہرین کے مطابق کنویں کی چوڑائی 100 فٹ جبکہ اس کی گہرائی 367 فٹ ہے۔ عمان کیو ایکسپلوریشن ٹیم کے مطابق کنویں کے اندر سانپ، مردہ جانور اور مختلف موتی پائے گئے، تاہم مافوق الفطرت مخلوقات کی کوئی علامات موصول نہیں ہوئی۔

عمان میں موجود جرمن یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی کے پروفیسر محمد الکندی کا کہنا تھا کہ کنوے کی تلاش کا مقصد یمنی تاریخ کو اجاگر کرنا ہے، یہ کنواں یمنی تاریخ کا ایک اہم حصہ ثابت ہو سکتا ہے۔