پاکستانی کرنسی کی گرتی ویلیو سے تارکین وطن پریشان ہیں، طارق کھٹانہ

September 26, 2021

راچڈیل(نمائندہ جنگ) برطانیہ کی ممتاز سماجی شخصیات چوہدری طارق کھٹانہ ‘ محمد افضل ‘ اور منشاء شاہین نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ پاکستانی کرنسی کی دن بدن گرتی ویلیو نے جہاں تارکین وطن کو سخت ذہنی اذیت سے دوچار کر رکھا ہے، وہیں ملکی معیشت دن بدن کمزور ہو رہی ہے جو لمحہ فکریہ ہے، اوورسیز پاکستانی اپنے خون پسینے کی کمائی سے ملکی معیشت کو مضبوط کرنے کیلئے بھر پور جدوجہد کر رہے ہیں مگر بدقسمتی سے تمام تر کوششوں کے باوجود نہ روپیہ کی قیمت مستحکم ہو رہی ہے اور نہ ہی ملک میں جاری مہنگائی کی لہر پر قابو پایا جا سکا ہے جو انتہائی مایوس کن امر ہے، روزنامہ جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ڈالر کی اونچی اڑان اور پیٹرولیم کی قیمت میں بلاجواز اضافے نے ملک کے ہر طبقے کومتاثر کر کے رکھ دیا ہے، موجودہ بد ترین مہنگائی عوام کا سب سے بڑا مسئلہ ہے،مہنگائی سے نجات کے لیے بنیادی مسائل پر توجہ دینے کی ضرورت ہے انہوں نے کہا کہ پانی کی کمی اورموسمیاتی تبدیلی عالمی مسئلہ بنتا جارہاہے اس پر قابوپانے کیلئے توجہ دینا ہوگئی ہمارے حکمرانوں نے ڈیموں کی تعمیر پر توجہ نہیں دی جس کی وجہ سے ہر سال بارشوں اورسیلاب سے نہ صرف ملک بھر میں تباہی ہوتی ہے بلکہ پانی کے ریلے اپنے ساتھ سب کچھ بہاکر سمندرمیں لے جاتے ہیں۔ اگر ڈیم بنالئے جاتے تو ہم ہر سال بارشوں کا پانی کو ذخیرہ کرنے کے قابل ہوجاتے اس طرح کروڑوں ایکٹر بنجرزمینیں بھی سیراب ہوسکتی تھی انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی آنے والی نسلوں کی بقااور بہتری کے لیے ،ڈیم بنانا ہوں گے اور آبی ذخائر کی کمی کا مسئلہ حل کرنا ہوگاپینے کے صاف پانی کی قلت نہ ہوتی اورآج 16سے 25روپے یونٹ ملنے والی بجلی بھی سستی ملتی، بجلی کی پیداواری لاگت کم ہوتی توہماری مصنوعات سستی ہونے سے مقامی سطح پر مہنگائی کم ہوتی حکمرانوں نے ملکی معیشت کیلئے سب سے اہم شعبہ کو نظر اندازکیاجس کا خمیازہ قوم بھگت رہی ہے۔