پاکستان نژاد افراد کو سویڈن کی مقامی سیاست میں حصہ لینا چاہئے، عمیر ضیا

September 26, 2021

سٹاک ہوم(کاشف عزیز بھٹہ) پاکستانی نژاد نوجوان سیاستدان اور سویڈن کی دوسری بڑی سیاسی جماعت مادریت پارٹی کے رکن عمیرضیا بھٹی نے سٹاک ہوم کی مئیر آنا کونگ یلمیر سے سٹاک ہوم سٹی ہال میں ملاقات کی،ملاقات میں اگلےسال ہونے والے سویڈن کے الیکشن اور سٹاک ہوم میں امن و عامہ کی صورتحال اور غیر ملکیوں کو درپیش مسائل کے بارےمیں بات چیت کی گئی۔عمیر ضیا بھٹی جو اگلے سال ہونے والے سویڈن کے انتخابات میں اپنی جماعت مادریت پارٹی کی طرف سےامیدوار بھی ہیں اور یہ پہلے پاکستان نژاد سویڈش ہیں جو سویڈن میں کسی بھی سیاسی جماعت کی طرف سے ایم پی کے امیدوار کےطور پر سامنے آئے ہیں، عمیر ضیا بھٹی اس سے پہلے اسی مادریت پارٹی میں بت شرکا کمیون سٹاک ہوم یوتھ کے سربراہ بھی رہ چکےہیں۔ اس لئے عمیر ضیا بھٹی کی نامزدگی کو لیکر سویڈن میں رہنے والی پاکستانی کمیونٹی میں بہت زیادہ جوش و خروش پایا جا رہا ہے۔سٹاک ہوم کی میئر سے ملاقات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے عمیر ضیا بھٹی نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ پاکستان اور سویڈن کےدرمیان تعلقات میں مزید بہتری آئے اور پاکستان کو کسی بھی فورم پر سویڈن کی حمایت ملے جس کے لئے وہ کوشاں ہیں، اس کےعلاوہ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پس منظر کے حامل سویڈش شہریوں کو سویڈن کی مقامی سیاست اور کمیون و پارلیمانی انتخابات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہئے ۔