تاج بی بی کے قتل کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا جائیگا، بلوچ یکجہتی کمیٹی

September 26, 2021

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)بلوچ یکجہتی کمیٹی کی رہنماوں ماہ جبین بلوچ ، خالدہ بلوچ ، ثمینہ بلوچ و دیگر نے کہا ہے کہ تاج بی بی کے قتل کے خلاف بلوچ یکجہتی کمیٹی جلد کوئٹہ سمیت دیگر شہروں میں احتجاجی مظاہرے کریگی ، بلوچستان کے عوام اس سلسلے میں آواز بلند کریں اور جدوجہد کا حصہ بنیں ، یہ بات انہوں نے ہفتہ کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس میں کہی ،انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں گزشتہ دنوں تاج بی بی کا ہونے والا قتل عرصہ دراز سے بلوچستان میں جاری صورتحال کا تسلسل ہے ،انہوں نے الزام عائد کیا کہ تاج بی بی کو سیکورٹی فورسز کے اہلکاروں نے فائرنگ کا نشانہ بناکر قتل کیا جبکہ ان کے ساتھ گاڑی میں سوار ان کے شوہر کو زخمی کردیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ تاج بی بی بلوچستان میں پہلی متاثرہ خاتون نہیں اس سے پہلے کئی ایسے واقعات ہوئے ہیں جن میں بچے ، خواتین ، نوجوان اور بزرگ مبینہ طور پر نشانہ بنے ۔ سیاسی جماعتیں ، وکلاء ، انسانی حقوق کے ادارے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کیخلاف آواز بلند کریں کیونکہ یہ صرف بلوچستان کا نہیں بلکہ انسانیت کا مسئلہ ہے ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ حالیہ دنوں میں بلوچستان میں لاپتہ افراد کی تعداد د گنی ہوچکی ہے،انہوں نے کہا کہ تاج بی بی کے قتل کے خلاف بلوچ یکجہتی کمیٹی جلد کوئٹہ سمیت دیگر شہروں میں احتجاجی مظاہرے کریگی ۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اس سلسلے میں اپنی آواز اٹھائیں اور جدوجہد کا حصہ بنیں ، بلوچ یکجہتی کمیٹی روز اول سے بلوچستان میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کیخلاف آواز اٹھاتی رہی ہے۔