ٹی20 ورلڈ کپ کے 35ویں میچ میں پاکستان نے نمیبیا کو 102 رنز سے شکست دے کر سپر ایٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کرلیا۔
پاکستان سپر ایٹ مرحلے میں نیوزی لینڈ، انگلینڈ اور سری لنکا سے میچز کھیلے گا، پاکستان کا نیوزی لینڈ سے میچ 21، انگلینڈ سے 24 اور سری لنکا سے 28 فروری کو ہوگا۔
کولمبو میں آج کھیلے گئے میچ میں نمیبیا کی ٹیم پاکستان کی طرف سے ملے 200 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 97 پر ڈھیر ہوگئی۔
گرین شرٹس کے کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹ کے نقصان پر 199 رنز بنائے اور 200 رنز کا ہدف سیٹ کیا۔
پاکستانی اننگز کی خاص بات صاحبزادہ فرحان کی ناقابل شکست سنچری رہی، انہوں نے 58 گیندوں پر100رنز بنائے، ان کی اننگز 4 چھکوں اور 11 چوکوں سے مزین تھی، یہ رواں ورلڈ کپ کی دوسری سنچری ہے۔
آؤٹ ہونے والے کھلاڑیوں میں صائم ایوب 14، سلمان علی آغا 38 اور خواجہ نافع 5 رنز شامل تھے جبکہ شاداب خان نے 22 گیندوں پر 36 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔
ہدف کے تعاقب میں نمیبیا کی ٹیم پاکستانی بولنگ لائن کے مقابل 17 اعشاریہ 3 اوورز میں صرف 97 رنز ہی بناسکی، یوں گرین شرٹس نے 102 رنز کے بڑے مارجن سے فتح اپنے نام کی۔
گرین شرٹس کی طرف سے عثمان طارق 4، شاداب خان نے 3، محمد نواز اور سلمان مرزا نے 1،1 وکٹ حاصل کی۔
صاحبزادہ فرحان کو میچ میں بہترین پرفارمنس پر بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا، انہوں نے گروپ مرحلے میں 4 اننگز میں مجموعی طور پر 220 رنز اسکور کیے ہیں۔
ٹاس کے موقع پر پاکستان ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے کہا کہ ہمارے اوپر کوئی پریشر نہیں، ہم میچ کے لیے تیار ہیں، ہم نے یو ایس اے کے خلاف اچھا کھیلا تھا۔
اس میچ کےلیے پاکستانی ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی گئیں،شاہین آفریدی اور ابرار احمد ٹیم میں شامل نہیں ہیں، ان دونوں کی جگہ سلمان مرزا اور خواجہ نافع کو شامل کیا گیا تھا۔