عمر شریف کی امریکا منتقلی: ایئر ایمبولینس رات 11 بجے کراچی ایئرپورٹ پر لینڈ کرے گی

September 26, 2021


نامور کامیڈین عمرشریف کی علاج کے لیے امریکا منتقلی کے لیے ایئر ایمبولینس آج رات 11 بجے کراچی ایئرپورٹ پر لینڈ کرے گی، ایئر ایمبولینس 3 ممالک میں جہاز کی تبدیلی اور ری فیولنگ کے لیے رکے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ روانگی سے پہلے ایئر ایمبولینس کی کراچی ایئر پورٹ پر ری فیولنگ ہوگی، عمر شریف کو اسپتال سے صبح ساڑھے 4 بجے کراچی ایئر پورٹ پہنچایا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایئر ایمبولینس پیر کی صبح ساڑھے 5 بجے واشنگٹن امریکا روانہ ہوگی، ایئر ایمبولینس پرواز کا پہلا اسٹاپ نورمبرگ جرمنی ہوگا، اگلے مرحلے میں ایئر ایمبولینس کی کیفلاوک آئس لینڈ سے ری فیولنگ ہوگی، آخری مرحلے میں "گوس بے کینیڈا " میں 2 گھنٹے رک کر ایئر ایمبولینس امریکا پہنچے گی۔

پرواز امریکا کے مقامی وقت کے مطابق سہ پہر ساڑھے 4 بجے واشنگٹن ڈی سی ایئرپورٹ پر اترے گی، شام 5 بجے عمر شریف کو جارج واشنگٹن یونیورسٹی اسپتال منتقل کردیا جائے گا۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی کو ایئر ایمبولینس کی آمد اور روانگی کی درخواست مل چکی ہے، سی اے اے کا شعبہ ایئر ٹرانسپورٹ باقاعدہ نوٹیفیکشن کے تحت ایئر ایمبولینس کو اجازت دے چکا ہے۔

سی اے اے حکام کو تمام تیاریوں کو حتمی شکل دے کر ضروری ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔

عمر شریف کے اہل خانہ کے پاس اسٹے والے ممالک کے ویزے نہیں ہیں، عمر شریف کی پہلی بیوی اور دو بیٹے 28 ستمبر کو کمرشل پرواز سے امریکا جائیں گے، تینوں فیملی ممبرز کے لیے محکمہ صحت کی جانب سے ٹکٹ بک کروائے گئے ہیں۔