بارش کے بعد مچھروں کی بہتات، نجی اور سرکاری اسپتالوں میں ملیریا و ڈینگی کے 30 نئے کیسز رپورٹ

September 27, 2021

حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) حیدرآباد میں بارش کے بعدمچھروں کی بہتات ،ملیریا اور ڈینگی کے مرض میں اضافہ، محکمہ صحت کے ذرائع کے مطابق نجی اور سرکاری ہسپتالوں میں ملیریا اور ڈینگی کے 30 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، دوسری جانب محکمہ صحت اور بلدیاتی ادارے مچھر مار اسپرے کرانے سے قاصر ہیں، تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ کے دوسرے چھوٹے و بڑے شہروں کی طرح حیدرآباد میں بھی بادل چھائے ہوئے ہیں اور چند روز قبل پڑنے والی بارش کے بعد مچھروں کی بہتات ہوگئی ہے، جس کی وجہ سے شہری مختلف امراض میں مبتلا ہورہے ہیں، صفائی کے ناقص انتظامات کی وجہ سے گلی ومحلوں اور چوک و چوراہوں پر جمع ہونے والے کوڑا کرکٹ کی وجہ سے بھی شہریوں کا برا حال ہے، بارش کے بعد مچھروں کی بہتات کی وجہ سے شہری ملیریا اور ڈینگی کے مرض میں مبتلا ہورہے ہیں اور ذرائع سے موصول ہونے والی معلومات کے مطابق چند روز میں مذکورہ بیماریوں میں متعدد شہری مبتلا ہوچکے ہیں اور سرکاری و نجی اسپتالوں میں30نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جو ایک تشویشناک بات ہے، دوسری جانب حکومت سندھ کی جانب سے محکمہ صحت اور بلدیاتی اداروں کومچھر مار اسپرے کرانے کے لیے ہر سال خطیر رقم جاری دی جاتی ہے لیکن برسوں بیت جانے کے باوجود ضلع حیدرآبا دکے کسی بھی علاقے میں اسپرے نہیں کرایا گیا، جس کی وجہ سے شہری مچھروں کے کاٹنے کے بعد مختلف امراض میں مبتلا ہورہے ہیں۔