دو پارٹیوں نے ملک کا کچومر نکالا،سنبھلنے میں وقت تو لگے گا،حسن نثار

September 27, 2021


کراچی(ٹی وی رپورٹ)جیو نیوز کے پروگرام ”میرے مطابق“کے آغاز میں میزبان مریم ظفر کے سوالوں کے جواب میں سینئر تجزیہ کار حسن نثار نے کہا کہ عمران خان کے بہت سارے کام ایسے ہیں جن کو سمجھنے کے لئے تھوڑی عقل درکار ہے میں کئی بار کہہ چکا ہوں کہ لوگوں کو اندازہ نہیں ہے کہ کتنا بڑا کام ہورہا ہے دو پارٹیوں نے جو ملک کا کچومر نکالا ہے اس کو دوبارہ سنبھلنے میں وقت تو لگے گا۔موجودہ چیئرمین نیب کو کیا مسئلہ ہے وہ بہترین کارکردگی دکھا رہے ہیں اگر نظام میں کچھ جھول ہیں تو ان کو درست کرلیں۔انہوں نے کہا کہ زندگی اور موت دو بچھڑی ہوئی سگی بہنیں ہیں جنہیں قدرت نے آخر کار ملانا ہوتا ہے۔زندگی ایک ایسے کرنسی نوٹ کی طرح ہے جسے آپ ایک دفعہ خرچ کرسکتے ہیں۔ آج کل مثل کا نہیں عقل کا زمانہ ہے تین کروڑ بچے باہر رلتے پھر رہے ہیں کروڑوں نوجوان بیروزگار پھر رہے ہیں تم کیا کرو گے تعداد بڑھا کر اپنی یہ استعداد کا زمانہ ہے تعداد کا نہیں۔ پرائمری ایجوکیشن اور پاپولیشن مینجمنٹ پاکستان کا ہر مسئلہ ان دو مسائل کے درمیان میں ہے۔نواز شریف لندن میں اور لاہور میں کورونا ویکسین کا جعلی اندراج کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جو مگرمچھ ہیں وہ نکل گئے ہیں تم نے مینڈک پکڑ لئے ہیں سرکاری ملازم ان کو چھوڑو جہاں بس چلتا ہے پھانسی کا پھندا فٹ کردیتے ہوجن کی گردنوں کے سائز کی پھانسی تمہارے پاس نہیں ہے ان کا تم کچھ بگاڑ نہیں سکتے۔