غریب مٹائو پالیسی نے مسلط کردہ ہیرو کو زیرو بنا دیا‘صادق عمرانی

September 27, 2021

کوئٹہ(پ ر)پاکستان پیپلز پارٹی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن صادق عمرانی نے عمائدین کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ بن بلائے مہمانوں ، ترجمانوں اور مشیروں کی بھرمار کے باوجود سلطنت عمرانیہ وہ کچھ کر نہیں پائی جس کا نعرہ لگا کراسے قوم پر مسلط کیا گیا۔ سوائے اس کے کہ دوسروں کے ترقیاتی پراجیکٹس پر ناموں کی تختیاں اتار کر اپنے ناموں کی تختیاں لگانے کے، زندہ لوگوں کو ریلیف دینے کی بجائے بستر مرگ پر پڑے لوگوں سے علاج معالجے جیسی بنیادی سہولت کو بھی اب سیاست کی عینک لگا کر دیکھا جانے لگا ہے۔ ادویات کی قیمتوں میں گزشتہ تین برس کے دوران جو 400 فیصد اضافہ کیا گیا اس منفی طرز سیاست کی نظیر ملکی تاریخ میں نہیں ملتی۔ غربت مٹائو پالیسی کی بجائے غریب ہی مٹاڈالو پالیسی نے مسلط کردہ ہیرو کو ازخود زیرو بنا ڈالا۔ عوام کو بجلی گیس اور پانی میسر نہیں مگر بلوں میں ایک ناختم ہونے والے تسلسل سے اضافے پر اضافہ کیا جارہا ہے۔ آئے روز عوام پر پٹرول بم گرادیا جاتا ہے اور بڑی بے شرمی سے ان مصنوعات کی قیمتوں کا موازنہ دوسرے ممالک کی قیمتوں سے کیا جاتا ہے۔ بجلی و گیس کے بل جلانے والے آج پوری قوم کو مہنگائی کی بھٹی میں جلا ڈالنے پر تلے ہوئے ہیں۔ کرپشن کی دھائی دینے والے کل تک کہتے نہیں تھکتے تھے کہ جس معاشرے میں کرپشن ہو اس کا ذمہ دار اس ملک کا سربراہ ہوتا ہےآج اپنی ہی ناک کے نیچے ہونے والی تاریخ ساز کرپشن کا ذمہ دار کون ہے۔ صادق عمرانی نے کہا کہ الزامات و مقدمات کی سیاست مسلط کردہ حکومتوں کا وہ آزمودہ فارمولا ہے جس کے ذریعے عوام کی توجہ اصل مسائل و حقائق سے ہٹا کر دوسری جانب مبذول کی جاتی ہے۔تبدیلی سرکار کی کارکردگی نے یہ ثابت کردیا ہے کہ اس کی غرض حصول اقتدار سے شروع ہوکر اپنے غیر حقیقی اقتدار کو مزید طول رکھنے تک ہی ختم ہوتی ہے۔ اسے قوم کی معاشی خودکشیوں، لاقانونیت ، ہوشربا مہنگائی و بے روزگاری کے آسیب سے کوئی سروکار نہیں بلکہ اسے تو آئندہ انتخابات کے لئے سرمایہ لگانے والی اے ٹی ایم مشینوں کی ضرورت ہے۔ تبدیلی سرکار کے کشکول توڑنے کے دعوے صرف انتخابی وعدے تھے جن کی حقیقت قوم پر عیاں ہوچکی ہے۔