• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صحت مند نیند کی عادت سے عمر میں 4 سال تک اضافہ ہو سکتا ہے، تحقیق

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

روزانہ رات کو سات گھنٹے کی نیند لینا آپ کی زندگی کو کئی برس طویل کرسکتی ہے۔ اس حوالے سے کی گئی ایک تحقیق کے مطابق جو لوگ مناسب حد تک یعنی صحت کے اصولوں کے مطابق سوتے ہیں، ان میں جوانی میں موت کا خطرہ 24 فیصد تک کم ہوتا ہے۔

برطانیہ کی ایک ہیلتھ انشورنس کمپنی اور لندن اسکول آف اکنامکس کی جانب سے کیے گئے تجزیے کے مطابق صحت مند نیند کی عادات اپنانے سے متوقع عمر میں 4 سال تک اضافہ ہو سکتا ہے۔

اس تحقیق میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ برطانیہ کے 90 فیصد افراد کی نیند کی عادات میں خرابی پائی جاتی ہے، جیسے کہ پوری نیند نہ لینا، ہر رات مختلف اوقات پر سونا یا ذہنی دباؤ کی وجہ سے نیند کا معیار خراب ہونا شامل ہے۔

تجزیہ میں شامل انشورنس کمپنی کی سربراہ ڈاکٹر کیٹی ٹرائن نے کہا کہ زیادہ تر لوگوں کے لیے مسئلہ کسی بیماری کا نہیں بلکہ روزمرہ کے معمولات کا ہوتا ہے۔ ہر رات 15 منٹ پہلے سونے کی کوشش کرنا یا ایک اور قسط دیکھنے کے بجائے کتاب اٹھا لینا وقت کے ساتھ ساتھ نمایاں فرق ڈال سکتا ہے۔

یہ رپورٹ دنیا بھر کے لوگوں کے تقریباً 47 ملین راتوں کی نیند کو ٹریک کرتی ہے۔ رپورٹ کے مطابق برطانیہ میں 41 فیصد لوگ ہر رات سات گھنٹے سے کم سوتے ہیں۔ تقریباً 42 فیصد لوگ نیشنل ہیلتھ سروس کی تجویز کے مطابق بالکل درست یعنی سات سے آٹھ گھنٹے تک سوتے ہیں۔ 

جو لوگ مناسب نیند نہیں لیتے، انہیں ذہنی صحت کے مسائل اور دل کی بیماری، ٹائپ 2 ذیابیطس اور کینسر جیسے جسمانی امراض کا زیادہ خطرہ ہوتا ہے۔ رپورٹ کے مطابق مثالی نیند کی عادات رکھنے والے وہ افراد جو رات کو ایک مقررہ وقت پر سات گھنٹے تک سوتے ہیں وہ دو سے چار سال تک زیادہ زندہ رہتے ہیں۔ 

یہ تقابل باقاعدگی سے ورزش کرنے والوں کے لیے زندگی میں متوقع اضافہ چھ سال اور صحت مند وزن رکھنے والوں کے لیے پانچ سال ہے۔

صحت سے مزید