حیات آباد ‘آلودگی پھیلانے والے کارخانوںکیخلاف کارروائی کا خیرمقدم

September 27, 2021

پشاور ( وقائع نگار )سرحد کنزوریشن نیٹ ورک کے ڈاکٹر عادل ظریفاور حیات آباد ریزیڈنٹس سوسائٹی نے صوبائی حکومت کے احکامات پر محکمہ ماحولیات ،کمشنر پشاور ریاض خان محسود و ضلعی انتظامیہ کے دیگر افسران کی جانب سے انڈسٹریل سٹیٹ حیات آباد میں مقررہ مقدار سے کئی سو گنا زیادہ آلودگی پھیلانے والے کارخانوں کیخلاف کاروائی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی حکومت اور ضلعی انتظامیہ نے یہ اقدام اٹھا کر پشاور بالخصوص حیات آباد اور ملحقہ علاقوں کے عوام کے دل جیت لئے ۔انہوں اس امر پر تشویش کا اظہار کیا کہ کچھ سازشی عناصر محکمہ ماحولیات کے ان ایماندار آفیسرز کیخلاف سازشیں کر رہے ہیں جنہوں نے حکومتی ہدایات پر یہ دلیرانہ اقدامات اٹھا کر عوام کو بہتر اور صحت افزاماحول دینے کی کوشش شروع کر رکھی ہے ۔حکومت اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے انڈسٹریل سٹیٹ حیات آباد میں آلودگی پھیلانے والے کارخانوں کیخلاف بلاتفریق کاروائی اطمینان بخش ہے ،ایس سی این اور حیات آباد ریزیڈنٹس سوسائٹی حکومت اور ضلعی انتظامیہ کے اس اقدام کی مکمل حمایت کرتی ہے اور حکومت کے شانہ بشانہ کھڑی ہے تاہم ایک مافیا ہے جو محکمہ ماحولیات کے ایماندار افسران کیخلاف سازشوں پر اتر آیا ہے اور حکومت کو کارخانے بند کرنے کی دھمکیاں دے رہا ہے جس کی ہم شدید مذمت کرتے ہیں،یہ سازشی عناصر محکمہ ماحولیات کے ایماندار افسرا ن کو کمزور کرنے کیلئے سازشیں رچا رہے ہیں اور اب محکمہ ماحولیات کے اہم عہدوں من پسند افسران کو تعینات کروانے کیلئے سفارشیں اور دبائو ڈال رہے ہیں تاکہ ان کا الو سیدھا ہو سکے اور وہ یونہی بلا خوف و خطر آلودگی پھیلا سکیں۔انھوں نے حکومت سے اپیل کی کہ ان سازشی عناصر کی چالوں میں نہ آئے اور نہ ہی انکی جانب سے کسی قسم کا دبائو قبول کریں کیونکہ یہ عوام کی زندگی اور صحت کا معاملہ ہے ،عوام نے تحریک انصاف کو ووٹ اسی لئے دیا کہ وہ ان سے بہتری کی امید رکھتے ہیں لہذا حکومت کو بھی چاہئے کہ ان سازشی عناصر پر کڑی نظر رکھیں اور ان کی سازشوں کا قلع قمع کریں۔