ملک پرعلی بابا چالیس چوروں کا ٹولہ مسلط ہے،حافظ حمداللہ

September 28, 2021

کوئٹہ ( آئی این پی )جمعیت علمااسلام کے مرکزی رہنما و ترجمان پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ سابق سینیٹر مولاناحافظ حمداللہ نے کہاہے کہ عمران خان مافیا کے سامنے بے بس نہیں بلکہ ان کےپارٹنر اور سرپرست ہیں ، قوم کو بتایا جائے مافیاز کون ہیں اپنی ناہلی چھپانے کیلئے مافیا پر ملبہ ڈال کر بری الذمہ نہیں ہوسکتے ، مافیاکے سامنے بے بس حکمران اقتدار کے اہل نہیں انہیں مستعفی ہوجانا چاہیے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے ضلع اٹک میں ختم نبوت کانفرنس سے خطاب اور وفود سے بات چیت میں کیا ۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت کےتین سالہ دور حکومت میں ملک بحرانستان بن چکاہے، ملک سیاسی معاشی دفاعی ہر لحاظ سے بحرانوں کاشکار ہے، مہنگائی اور بے روزگاری نے عوام کی کمر توڑ دی۔ انہوں نے کہاکہ ملک پر علی بابا چالیس چوروں کا ٹولہ مسلط ہے، آٹا چور چینی چور پیٹرول چور ادویات چور اور دیگر تمام چور کابینہ کا حصہ ہیں جبکہ ان سب کےسرپرست عمران خان ہیں۔انہوں نے کہاکہ کشمیر فروش حکومت کشمیریوں کی امیدوں کی قاتل ہے۔