وفاقی وزیر مملکت برائے داخلہ سینیٹر طلال چوہدری نے اسلام آباد کو سومنات بنانے کی دھمکی پر ردعمل دے دیا۔
جیو نیوز سے گفتگو میں طلال چوہدری نے کہا کہ اگر آپ پُرامن شہری ہیں تو ہر راستہ سے اسلام آباد آئیں 100 بار آئیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر آپ دہشت گرد بن کر آئیں گے تو پھر واپس جانے نہیں دیں گے، کوئی غیر قانونی اقدام برداشت نہیں کیا جائے گا۔
وزیر مملکت نے مزید کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم پر مکمل طور پر عمل کیا جائے گا۔ اسلام آباد میں کوئی غیرقانونی اور جان و مال کو خطرہ ہو ایسی کوئی چیز برداشت نہیں کی جائے گی۔
اُن کا کہنا تھا کہ کے پی میں دہشتگردی ان سے رک نہیں سکی۔ صحت، تعلیم کی سہولت نہیں، کہتے ہیں سومنات بنادیں گے۔ ہمیں پتہ ہے انہوں نے کے پی کو سومنات بنادیا ہے۔
سینیٹر طلال چوہدری نے یہ بھی کہا کہ ہم اس طرح کی سوچ کو آگے نہیں بڑھنے دیں گے، انہوں نے خود بتادیا ان کا اصل پلان کیا ہے۔