خشک میوے کے صحت پر حیرت انگیز طبی فوائد

September 28, 2021

خشک میوہ یعنی ڈرائی فروٹ کا استعمال نہ صرف سردیوں بلکہ 12 مہینوں کے دوران کسی بھی موسم میںکیا جا سکتا ہے، قدرت نے خشک میوہ جات میں غذائیت کا خزانہ چھپا رکھا ہے جس کے استعمال سے جسمانی و ذہنی صحت پر مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں ۔

غذائی ماہرین کے مطابق ڈرائے فروٹس میںغذائیت بھرپور مقدار میں پائی جاتی ہے، اس میں انسانی صحت کے لیے بنیادی معدنیات اور وٹامنز کی بھی بڑی مقدار ہونے کے سبب خشک میوہ جات کا استعمال اگر مناسب مقدار میں کیا جائے تو یہ ہر موسم میں بہترین مثبت نتائج دیتے ہیں۔

ہالینڈ میں کی گئی ایک تحقیق کے مطابق اگر ہر روز آدھی مٹھی کے برابر خشک میوہ جات (جن میں اخروٹ، بادام، کاجو، پستہ اور مونگ پھلی وغیرہ شامل ہیں) کا استعمال کیا جائے تو مختلف بیماریوں کے باعث جلد اموات کا خطرہ بھی کم ہوجاتا ہے، خشک میوہ جات کا استعمال دل کی صحت کے لیے بہترین ہونے کے سبب ماہرین کی جانب سے بھی ان کا استعمال ہر روز ہر موسم میں اعتدال میں رہتے ہوئے تجویز کیا جاتا ہے۔

خشک میوہ جات کا استعمال یومیہ 20 گرام تک ہونا چاہیے، ماہرین کی جانب تجویز کی گئی مقدار اور خشک میوہ جات کی افادیت مندرجہ ذیل ہے۔

اخروٹ

ماہرین غذائیت کے مطابق پروٹین، وٹامن ای، منرلز، اومیگا تھری اور فیٹی ایسڈ سے بھرپور اخروٹ دل کی صحت کے لیے ایک بہترین غذا ہے لہٰذا روزانہ کی بنیاد پر 3 سے 4 اخروٹ استعمال کیے جا سکتے ہیں۔

کھجور

کھجور ضروری غذائی اجزاء سے بھرپور اور حیرت انگیز پھل ہے جو انسانی مجموعی صحت کے لیے ناگزیر تصور کی جاتی ہے، ماہرین کی جانب سے روزانہ درمیانے سائز کی ایک سے دو کھجوروں کے استعمال کا مشورہ دیتے ہیں۔

بادام

بادام خشک میوہ جات کا بادشاہ ہے، مونو ان سیچوریٹڈ (روغن کی ایک قسم) سے مالا مال بادام دل، دماغ اور جلد کی صحت کے لیے بہترین تصور کیے جاتے ہیں، بادام میں موجود وٹامن ای، میگنیشیم اور پوٹاشیم کی مقدار پائی جاتی ہے، طبی ماہرین بہترین صحت کے حصول کے لیے 4 سے 7 بادام یومیہ تجویز کرتے ہیں۔

پستہ

پستے میں بادام، کاجو اور اخروٹ کے مقابلے کہیں زیادہ پروٹین اور کم فیٹ پایا جاتا ہے، پستہ وٹامن ای اور کیروٹین سے بھی مالامال ہونے کے سبب انسانی صحت کے لیے بہترین ہے تاہم طبی ماہرین کی جانب سے یومیہ 20 گرام سے زیادہ پستے کا استعمال کرنے سے گریز کا مشورہ دیا جاتا ہے۔

کشمش

انگوروں کے خشک پھل کو کشمش کہا جاتا ہے، یہ آئرن، فائبر، پوٹاشیم اور میگنیشیم سے بھرپور اینٹی آکسیڈینٹ میوہ ہے، ماہرین روزانہ کی بنیاد پر 5 کشمش کھانے کا مشورہ دیتے ہیں۔