• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہر گھر کے کچن میں موجود سفید رنگ کا پاؤڈر،  میٹھا سوڈا جسے ’ بیکنگ سوڈا‘ کے نام سے بھی جانا اور متعدد فوائد حاصل کرنے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے، میٹھے سوڈے کے استعمال کے نتائج یقینی اور حیرت انگیز ہوتے ہیں، میٹھا سوڈا گھر کی صفائی سے لے کر خوبصوتی میں اضافے کے لیے بھی استعمال کیا جاتا ہے۔

کھانے کا سوڈا، میٹھا سوڈا، بیکنگ سوڈا ایک ہی جُز کا نام ہے جس کے فوائد بے شمار ہیں، میٹھے سوڈے کا استعمال پرانے برتنوں اور چولہے پر جمی میل کی صفائی سے لے کر معدے سے جڑی شکایات اور چہرے سے ایکنی کے خاتمے تک مدد گار ثابت ہوتا ہے۔

میٹھے سوڈے کو مختلف فوائد حاصل کرنے کے لیے مختلف طریقوں سے استعمال کیا جا سکتا ہے جن میں سے چند مفید گھریلو ٹوٹکے اور طریقے مندرجہ ذیل ہیں:

گھر کی اشیاء کی صفائی کے لیے میٹھے سوڈے اور لیموں کا استعمال

میٹھا سوڈا لیموں کے ساتھ ملا کر استعمال کیا جائے تو اس کی صفائی کرنے کی صلاحیت 100 گنا بڑھ جاتی ہے، لیموں اور میٹھے سوڈے کا مرکب بنا کر ضدی سے ضدی برتنوں، دیواروں، چولہے، دروازے اور کھڑکیوں کے داغ صاف کیے جا سکتے ہیں۔

طبی ماہرین کے مطابق بیکنگ سوڈا لیموں پانی میں ملا کر پینے سے جسم میں موجود مضر صحت مواد کا اخراج ممکن ہوتا ہے اور ورزش کرنے کی صلاحیت بڑھتی ہے، معدے کی تیزابیت میں کمی اور نظام ہاضمہ کی کارکردگی بہتر ہوتی ہے، قبض سے نجات حاصل ہوتی ہے جبکہ آنتوں کی سوزش، گردوں کی صفائی اور سینے کے جلنے کی شکایات میں واضح اور فوری کمی آتی ہے۔

طبی ماہرین کی جانب سے تجویز کیا جاتا ہے کہ ایک گلاس پانی میں آدھے لیمو ں کا رس ملائیں اور اس میں ایک چمچ میٹھا سوڈا شامل کر لیں، اس مشروب کو صبح نہار منہ پئیں، ایک ہفتے تک لگاتار پینے کے بعد دو ہفتوں کا وقفہ لیں اور پھر یہ مشروب صبح نہار پینا شروع کر دیں۔

اس عمل کے نتیجے میں جسم کا مدافعتی نظام مضبوط، جلد سے جھریوں کا خاتمہ، جوڑوں کے درد اور سوجن میں کمی واقع ہو گی، ماہرین کے مطابق یہ مشروب کینسر سے بچاؤ کا سبب بھی بنتا ہے اور موٹاپے کا خاتمہ کرتا ہے۔

میٹھے سوڈے کے استعمال کے نتیجے میں خوبصورتی پر حاصل ہونے والے فوائد مندرجہ ذیل ہیں:

دانتوں کی خوبصورتی کے لیے میٹھے سوڈے کا استعمال

دانت جگمگانے، پیلاہٹ دور کرنے اور کیڑہ لگنے والے بیکٹیریا سے چھٹکارہ حاصل کرنے، سانسوں کو تازہ بنانے کے لیے ٹوتھ برش پر ایک چٹکی بیکنگ سوڈا چھڑکیں اور چند قطرے لیموں کا عرق ٹپکا دیں، اب اس سے دانتوں کو ہلکے ہاتھ سے آہستہ آہستہ گول دائروں میں برش کریں، پہلی بار ہی میں دانت صاف اور چمکدار نظر آئیں گے، اس عمل کو ایک ہفتے میں صرف ایک بار ہی دہرائیں۔

بلیک ہیڈ کے خاتمے کے لیے

چہرے،  ناک، ماتھے اور تھوڈی پر بلیک ہیڈ سے پڑنے والے کالے نشان بے حد بد نما لگتے ہیں، ان سے چھٹکارہ حاصل کرنے کے لیے بیکنگ سوڈے کی تھوڑی سی مقدار اور لیموں کا تازہ عرق لے لیں، اب انہیں ملا کر چہرے کے متاثرہ حصوں پر لگائیں اور سوکھنے تک لگا رہنے دیں، بعد ازاں چہرہ دھو لیں اور موئسچرائزر لگا لیں۔

گھر میں میٹھے سوڈے کی مدد سے مینی اور  پیڈی کیور

گھر میں ہی اپنی مینی اور پیڈی کیور کرنے والی خواتین کے لیے یہ ایک موزوں ٹوٹکا ہے، نیم گرم پانی میں کچھ مقدار بیکنگ سوڈا شامل کریں اور سفید رنگ کا شیمپو ڈال لیں، اب اس میں اپنے ہاتھ اور پاؤں کو 15 منٹ کے لیے بگھو دیں، اس سے ہاتھ پاؤں کی رنگت نکھر جائے گی۔

ایکنی کے خاتمے کے لیے

ایکنی سے چھٹکارہ حاصل کرنے کے لیے ایک چٹکی میٹھے سوڈے میں شہد اور لیموں کا رس ملائیں اور اس سے چہرے پر صرف ایک منٹ مساج کریں اور چہرہ ٹھنڈے پانی سے دھو لیں، یہ عمل ہر تین دن بعد دہرائیں، چہرہ چمکدار، رنگت صاف اور ایکنی، کیل مہاسوں کا صفایا بھی ہو جائے گا۔

شیمپو میں میٹھے سوڈے کا استعمال

شیمپو میں میٹھا سوڈا ملا کر استعمال کرنے سے بالوں میں جمی خشکی، سکری اور آلودگی کا صفایا ہو جاتا ہے اور بال سلکی، چمکدار اور قدرتی طور پر سیدھے ہو جاتے ہیں۔

کپڑوں کی صاف دھلائی کے لیے

کپڑوں کی صاف دھلائی میں میٹھا سوڈا بہترین کردار ادا کرتا ہے، ڈیٹرجنٹ کے پانی میں ایک سے دو بڑے چمچ میٹھا سوڈا ملائیں اور کپڑے مَل کر دھو لیں، کپڑے نکھر جائیں گے اور ان سے اٹھنے والی پسینے کی بو بھی ختم ہو جائے گی۔

تازہ ترین