• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سیب اور اس کا مربع صحت کیلئے مفید ترین قرار

سیب کے روزانہ استعمال سے متعلق تو کئی کہاوتیں مشہور ہیں مگر اس پھل کے استعمال کے فوائد ان کہاوتوں سے بھی کئی گنا زیادہ ہیں جن سے اکثر افراد ناواقف نظر آتے ہیں اور اس پھل سے فائدہ اٹھانے سے قاصر رہتے ہیں۔

غذائی ماہرین کے مطابق سیب کی 100 گرام مقدار میں 52 کیلوریز، صفر فیصد فیٹ، 3 فیصد پوٹاشیم ، 4 فیصد کاربوہائیڈریٹس ، 9 فیصد ڈائٹری فائبر، 10 گرام شوگر، 7 فیصد وٹامن سی اور 1 فیصد میگنیشیم پایا جاتا ہے۔

طبی و غذائی ماہرین کے مطابق سیب کے موسم میں روزانہ کی بنیاد پر کم از کم ایک سیب لازمی کھانا چاہیے، سیب فالج کے خطرات کی روک تھام کرتا ہے، سیب کو ہمیشہ چھلکوں سمیت کھانا چاہیے، سیب کے چھلکے میں اس کے گودے کی نسبت 9 گنا زیادہ غذائیت پائی جاتی ہے جبکہ ماہرین کے مطابق سیب کا 75 فیصد فائبر اس کے چھلکے میں ہوتا ہے۔

زیادہ تر افراد سیب کے چھلکوں کے فوائد سے ناواقف ہوتے ہیں اور سیب کا چھلکا اتار کر پھل کھاتے ہیں جس کے سبب اس کی غذائیت سے مکمل طور پر مستفید نہیں ہو پاتے ہیں، ماہرین کی جانب سے یہ ایک بڑی غلطی قرار دی جاتی ہے۔

 سیب کے استعمال سے حاصل کیے جانے والے چند فوائد مندرجہ ذیل ہیں:

سیب دل کی صحت کے لیے مفید ہے

دل انسانی جسم کا ایک اہم ترین حصہ ہے جس کا صحت مند ہونا پورے جسم کے صحت مند ہونے کی ضمانت ہے، سیب کھانے سے امراض قلب جیسے کہ ہارٹ اٹیک اور فالج وغیرہ کے خطرے میں کمی آتی ہے، سیب میں حل ہونے والے فائبر( پلانٹ فائبر) کی موجودگی خون میں کولیسٹرول کی سطح کم کرنے میں مددگار ثابت ہوتی ہے، اس میں موجود پولی فینولز اینٹی آکسیڈنٹ خصوصیات سے بھر پور ہوتے ہیں جبکہ فلیونائیڈ نامی پولی فینول بلڈ پریشر کی سطح میں کمی لاتا ہے۔

وزن میں کمی کے لیے بھی بہترین پھل

سیب فائبر اور پانی سے بھرپور پھل ہے، پانی اور فائبر تا دیر بھوک کا احساس نہیں ہونے دیتے ہیں اور اس طرح انسان اضافی غذا لینے اور زیادہ کیلوریز کھانے سے بچ جاتا ہے جس کے نتیجے میں وزن میں کمی آنے لگتی ہے، ماہرین کے مطابق اگر کھانے سے پہلے سیب کی کچھ قاشیں کھا لی جائیں تو پیٹ بھر جاتا ہے اور انسان بسیار خوری سے محفوظ رہتا ہے۔

شوگر میں کمی لاتا ہے

متعدد تحقیقی رپورٹس کے مطابق روزانہ کی بنیاد پر سیب کھانا ذیابطیس ٹائپ2 کا خطرہ کم کرتا ہے، سیب کھانے سے میٹھا کھانے کی خواہش بھی پوری ہو جاتی ہے، سیب کھانے کے سبب ذیابیطس ٹائپ 2 کا خطرہ 28 فیصد تک کم ہو جاتا ہے۔

معدے کی صحت بہتر بناتا ہے

سیب معدے میں موجود مفید بیکٹریاز کی نشوونما کرتا ہے اور ان کی افزائش بڑھا دیتا ہے، سیب میں فائبر کی ایک قسم ’پیسٹین‘ پروبائیوٹک کی طرح کام کرتی ہے، چھوٹی آنت اس فائبر کو ہضم نہیں کرپاتی اور یہ فائبر قولون میں پہنچ جاتی ہے جہاں یہ فائبر فائدہ مند بیکٹریا کی نشوونما کا عمل تیز کرتا ہے۔

کینسر سے بچاؤ کا سبب

سیب میں موجود اینٹی آکسیڈنٹ اجزا کینسر کے خطرے میں کمی کو یقینی بناتا ہے، تحقیق کے مطابق سیب کھانے کے سبب کینسر سے موت کا خطر ہ کئی گنا کم ہو جاتا ہے، اس پھل میں موجود اینٹی آکسیڈنٹ ورم اور سوزش کُش ہوتے ہیں جو کہ کینسر کے خلیات کے بننے میں روک تھام کا کردار ادا کرتے ہیں۔

ہڈیوں کو مضبوط بنائے

غذائی ماہرین کے مطابق پھلوں کا روزانہ کی بنیاد پر استعمال ہڈیوں کو مضبوط بناتا ہے، سیب میں موجود اینٹی آکسیڈنٹس اور ورم کش مرکبات ہڈیوں کی مضبوطی اور لچک کو بہتر بناتے ہیں، جو خواتین سیب کھاتی ہیں ان میں کیلشیئم کی کمی دیگر کے مقابلے میں کم پائی جاتی ہے ۔

سیب کے جوس کے فوائد :

سیب کا جوس عمر بڑھنے کے سبب دماغی کمزوری کو کم کرتا ہے اور یادداشت بہتر بناتا ہے، سیب کے جوس میں غذائیت اور صحت کا خزانہ موجود ہوتا ہے، سیب کا جوس مریض کی دنوں میں توانائی بحال کرتا ہے اور صحت بڑھاتا ہے جبکہ متعدد بیماریوں سے بچاؤ بھی ممکن بناتا ہے ۔

سیب کے ساتھ ساتھ سیب کا مربع بھی کئی فوائد کا حامل ہے جسے کھانا صحت کے لیے مفید اور فرحت بخش ثابت ہوتا ہے:

سیب کا مربع بنانے کے درکار اجزاء:

سیب 2 کلو،  چینی 2 کلو، لیموں 4 کھانے کے چمچ، پانی 1 کپ ۔

سیب کا مرب بنانے کی ترکیب:

سب سے پہلے سیب اچھی طرح دھو کر چھیل لیں اور چار ٹکڑوں میں کاٹ کر اس میں چینی اور لیموں کا رس ملا کر تقریباً چار گھنٹوں کے لیے فریج میں رکھ دیں۔

اس کے بعد سیب فریج سے نکال لیں اور ان میں پانی شامل کر کے ہلکی آنچ پر پکنے کے لیے رکھ دیں۔

سیب میں موجود جب شیرا گاڑھا ہو جائے تو چولہا بند کر دیں اور کسی ایئر ٹائٹ جار یا ڈبے میں محفوظ کر لیں۔

روزانہ صبح ناشتے میں نوش فرمائیں۔

تازہ ترین