عمر شریف کی فلائٹ رسکی ہے، آپ سب دعا کریں، زریں غزل

September 28, 2021


ملک کے لیجنڈری کامیڈین اداکار عمر شریف کی اہلیہ زریں غزل کا کہنا ہے کہ عمر شریف کی ایئر ایمبولنس کی فلائٹ رسکی ہے، تمام لوگوں سے دعاؤں کی اپیل ہے۔

زریں غزل نے امریکا روانگی کے وقت ایئرایمبولنس سے ایک ویڈیو پیغام جاری کیا جس میں انہوں نے تمام پاکستانیوں سے عمر شریف کے خیر عافیت سے امریکا منتقلی کیلئے دعاؤں کی اپیل کی۔

انہوں نے کہا کہ ابھی ہم ایئر ایمبولنس میں ہیں، اور آپ سب کی دعاؤں سے ہی یہاں تک پہنچے ہیں، میں آپ سب کی دعاؤں کے ساتھ ہی عمر کو امریکا لے کر جانا چاہتی ہوں۔

اہلیہ عمر شریف نے یہ بھی کہا کہ یہ رسکی فلائٹ ہے لہذا آپ سب عمر شریف کو اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں کہ ہم خیر خیریت سے امریکا کے اسپتال میں پہنچ جائیں اور جلد از جلد علاج ہوجائے۔

واضح رہے کہ کامیڈین اداکار عمر شریف کو علاج کے لیے ایئر ایمبولنس میں امریکا روانہ کر دیا گیا ہے، ان کی اہلیہ زریں غزل بھی ایئر ایمبولنس میں ان کے ہمراہ گئی ہیں۔

عمر شریف عارضہ قلب اور دیگر مختلف بیماریوں میں مبتلا ہیں، وہ گزشتہ کئی ہفتوں تک کراچی کے نجی اسپتال میں زیر علاج رہے، ان کے علاج کے لیے سندھ حکومت کی جانب سے چار کروڑ روپے کی خطیر رقم جاری کی گئی۔