کامیڈی کے فادر کا انتقال ہوا ہے: جونی لیور

October 03, 2021

بھارت کے معروف کامیڈین اداکار جونی لیور نے کامیڈی کنگ عُمر شریف کے انتقال پر شدید دُکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہیہ عمر شریف کا انتقال نہیں بلکہ کامیڈی کے فادر کا انتقال ہوا ہے۔

جونی لیور نے پاکستان کے ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کے لیجنڈری کامیڈین اور اداکار عمر شریف کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا۔

بھارتی اداکار نے مزید کہا کہ ’عمر کا کسی اور سے موازنہ نہ کریں۔ وہ منفرد، ہنر مند انسان تھے اور ان کا موازنہ کسی اور کے ساتھ نہیں کیا جاسکتا۔ ان جیسے لوگ ہزار سال میں ایک بار پیدا ہوتے ہیں۔‘

جونی لیور نے اپنے انٹرویو میں انکشاف کیا کہ ’ان کی تقریباََ 4 سے 5 ماہ پہلے آخری بار عمر شریف سے بات ہوئی تھی اور دونوں کا ایک ساتھ امریکا میں شو کرنے کا بھی ارادہ تھا لیکن عمر شریف کی صحت ناساز ہونے کی وجہ سے یہ ممکن نہیں ہوسکا۔‘

واضح رہے کہ لیجنڈ کامیڈین عمر شریف طویل علالت کے بعد جرمنی کے اسپتال میں انتقال کر گئے۔

اداکار عمر شریف 4 روز سے جرمنی کے اسپتال میں داخل تھے ، انہیں کراچی سے واشنگٹن علاج کیلئے پہنچایا جارہا تھا لیکن ناساز طبیعت کے باعث انہیں جرمنی کے اسپتال میں ہی داخل کردیا گیا تھا۔

لیجنڈری اداکار و کامیڈین عمر شریف کافی عرصے سے عارضہ قلب ، گردے اور دیگر مختلف بیماریوں میں مبتلا تھے۔

خیال رہے کہ عمر شریف نے اپنے کیریئر کا آغاز 1974میں 14سال کی عمر میں اسٹیج اداکاری سے کیا تھا اور 1980 میں پہلی مرتبہ آڈیو کیسٹ پر اپنے ڈرامے ریلیز کیے تھے۔

عمر شریف ٹی وی، اسٹیج اداکار، فلم ڈائریکٹر کے طور پر جانے جاتے ہیں، انہوں نے اسٹیج و تھیٹر ناصرف ملک میں بلکہ سرحد پار بھی بہت مقبولیت حاصل کی۔

انہوں نے تقریبا 5 دہائیوں تک شوبز میں کام کیا ہے اور درجنوں، ڈراموں، اسٹیج تھیٹرز اور لائیو پروگرامز میں پرفارم کیا۔