• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عُمر شریف کی جگہ کوئی نہیں لے سکتا: مہوش حیات

پاکستان کی معروف اداکارہ و تمغہ امتیاز مہوش حیات نے کامیڈی کنگ عُمر شریف کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عُمر شریف کی جگہ کوئی نہیں لے سکتا۔

مہوش حیات نے اپنے تصدیق شدہ ٹوئٹر اکاؤنٹ پر جاری کیے گئے پیغام میں لکھا کہ ’قوم ایک اور عظیم لیجنڈ، کامیڈی کے بادشاہ کے انتقال پر سوگوار ہے۔‘

اداکارہ نے لکھا کہ ’عُمر شریف کو دنیا بھر میں شائقین کی ایک بڑی تعداد یاد کرے گی۔‘

اُنہوں نے یہ بھی لکھا کہ ’عمر شریف صاحب،  ان تمام مسکراہٹوں اور خوشی کے لیے آپ کا شکریہ جو آپ ہماری زندگیوں میں لائے۔‘

مہوش حیات نے عُمر شریف کی مغفرت کے لیے دُعا کرتے ہوئے لکھا کہ ’کوئی بھی آپ کی جگہ نہیں لے سکتا۔‘

واضح رہے کہ گزشتہ روز لیجنڈ کامیڈین عمر شریف طویل علالت کے بعد جرمنی کے اسپتال میں انتقال کر گئے۔

اداکار عمر شریف 4 روز سے جرمنی کے اسپتال میں داخل تھے ، انہیں کراچی سے واشنگٹن علاج کیلئے پہنچایا جارہا تھا لیکن ناساز طبیعت کے باعث انہیں جرمنی کے اسپتال میں ہی داخل کردیا گیا تھا۔

لیجنڈری اداکار و کامیڈین عمر شریف کافی عرصے سے عارضہ قلب ، گردے اور دیگر مختلف بیماریوں میں مبتلا تھے۔

خیال رہے کہ عمر شریف نے اپنے کیریئر کا آغاز 1974میں 14سال کی عمر میں اسٹیج اداکاری سے کیا تھا اور 1980 میں پہلی مرتبہ آڈیو کیسٹ پر اپنے ڈرامے ریلیز کیے تھے۔

عمر شریف ٹی وی، اسٹیج اداکار، فلم ڈائریکٹر کے طور پر جانے جاتے ہیں، انہوں نے اسٹیج و تھیٹر میں ناصرف ملک میں بلکہ سرحد پار بھی بہت مقبولیت حاصل کی۔

انہوں نے تقریبا 5 دہائیوں تک شوبز میں کام کیا ہے اور درجنوں، ڈراموں، اسٹیج تھیٹرز اور لائیو پروگرامز میں پرفارم کیا۔

تازہ ترین