• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت عمر شریف کا اسپتال بنانے کا مشن پورا کرے: شکیل صدیقی

سینئر اداکار شکیل صدیقی نے حکومت سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ والدہ کے نام پر عمر شریف کا اسپتال بنانے کا مشن پورا کیا جائے۔

 کامیڈین کنگ عُمر شریف کے انتقال پر شدید دُکھ کا اظہار کرتے ہوئے شکیل صدیقی نے کہا کہ ہم نے جو بھی سیکھا عمر شریف سے سیکھا ہے جبکہ بھارت میں جتنے بھی کامیڈین ہیں سب عمر شریف کو استاد مانتے ہیں۔

اداکار شکیل صدیقی نے کہا کہ عمر شریف کے لیے جو بھی کہا جائے وہ کم ہے، دنیا میں اسٹیج کو روشناس کرانے میں عمر شریف کا ہاتھ ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمر شریف کی وجہ سے بہت سے اداکاروں کو دنیا میں پہچان ملی، جب تک کامیڈی رہے گی عمر شریف کی نقل ہوتی رہے گی۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ عمر شریف کام کے معاملے میں بہت سخت تھے۔

واضح رہے کہ لیجنڈ کامیڈین عمر شریف طویل علالت کے بعد جرمنی کے اسپتال میں انتقال کر گئے۔

اداکار عمر شریف 4 روز سے جرمنی کے اسپتال میں داخل تھے ، انہیں کراچی سے واشنگٹن علاج کیلئے پہنچایا جارہا تھا لیکن ناساز طبیعت کے باعث انہیں جرمنی کے اسپتال میں ہی داخل کردیا گیا تھا۔

لیجنڈری اداکار و کامیڈین عمر شریف کافی عرصے سے عارضہ قلب ، گردے اور دیگر مختلف بیماریوں میں مبتلا تھے۔

خیال رہے کہ عمر شریف نے اپنے کیریئر کا آغاز 1974میں 14سال کی عمر میں اسٹیج اداکاری سے کیا تھا اور 1980 میں پہلی مرتبہ آڈیو کیسٹ پر اپنے ڈرامے ریلیز کیے تھے۔

عمر شریف ٹی وی، اسٹیج اداکار، فلم ڈائریکٹر کے طور پر جانے جاتے ہیں، انہوں نے اسٹیج و تھیٹر ناصرف ملک میں بلکہ سرحد پار بھی بہت مقبولیت حاصل کی۔

انہوں نے تقریبا 5 دہائیوں تک شوبز میں کام کیا ہے اور درجنوں، ڈراموں، اسٹیج تھیٹرز اور لائیو پروگرامز میں پرفارم کیا۔

تازہ ترین