فیس بک کی طر ح واٹس ایپ پر بھی خریداری ممکن

October 04, 2021

جدید چیزوں کی طر ح واٹس ایپ پر بھی نت نئی فیچرز متعارف ہو رہے ہیں ۔اس ضمن میں واٹس ایپ نےتجرباتی طور پر آن لائن کاروبار کرنے والے افراد کے لیے بزنس ایپ میں ایک نئے فیچر کا اضافہ کیا ہے، جس کی مدد سے پہلی بار کسی بھی کاروبار کے بارے میں ایپلی کیشن کے اندر ہی پراڈکٹ اور سروسز تلاش کرنے کی سہولت دی گئی ہے۔

اس بارے میں فیس بک وائس بزنس میسیجنگ کے صدر میٹ آئیڈیما کا کہنا ہےکہ واٹس ایپ اپنی ایپلی کیشن میں اشتہارات نہیں چلاتا اور کاروباری افراد کی اسی مشکل کو مد نظررکھتے ہوئے یہ فیچر متعارف کرایا گیا ہے۔

برازیل کے شہر ساؤ پالو میں ابتدائی طور پر اس فیچر کی آزمائش کی گئی ہے، جس کی مدد سے استعمال کندگان کو ایپلی کیشن کے اندر ہی موجود ڈائریکٹری میں شاپس ڈھونڈنے کی سہولت دی گئی ہے، جو کہ فیس بک کی جانب سے اپنی خدمات میں بہترین ای کامرس کی سہولیات فراہم کرنے کا حالیہ فیچر ہے۔ لیکن اب اس میسیجنگ ایپلی کیشن کے ذریعے نہ صرف چھوٹی کمپنیاں بلکہ بڑے کاروبار بھی API( سافٹ ویئر انٹرفیس) کے ذریعے اس نظام سے منسلک ہوسکیں گے، جس سے ان کے ریونیو میں اضافہ ہوگا۔

فیس بک کے بانی مارک زکر برگ کا اس بارے میں کہنا ہےکہ فیس بک شاپس کے دائرہ کار کو مختلف ملکوں میں واٹس ایپ تک پھیلایا جائے گا۔ جب کہ حال ہی میں واٹس ایپ نے بھی شاپنگ کارٹس اور کیٹلاگ جیسے خریداری کے ٹولز بھی متعارف کرائے ہیں۔اس نئے فیچر کے بارے میں ان کا کہنا ہے کہ اس فیچر کو کاروبار کی ہزاروں کیٹگریز بشمول فوڈز، ریٹیل اور مقامی خدمات پر ٹیسٹ کیا جائے گا اور فی الحال اسے برازیل میں ٹیسٹ کیا جا رہا ہے، تاہم جلد ہی اس کا دائرہ کار دوسرے ممالک تک پھیلایا جائے گا۔