آریان خان کی حمایت کرنے پر محبوبہ مفتی کیخلاف قانونی کارروائی

October 12, 2021

بالی ووڈ اسٹار شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کی حمایت کرنے پر مقبوضہ کشمیر کی سابق وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی کے خلاف پولیس کو شکایت درج کروا دی گئی ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق آریان خان کی حمایت کرنے پر محبوبہ مفتی کے خلاف دہلی سے تعلق رکھنے والے ایک شخص نے دہلی پولیس کو شکایت درج کرواتے ہوئے کہا کہ اس معاملے پر محبوبہ مفتی کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائے۔

خیال رہے کہ مقبوضہ کشمیر کی سابق وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ پر آریان خان کی حمایت میں بیان جاری کیا تھا۔

انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا تھا کہ ’ ایک وزیر کے بیٹے پر چار کسانوں کو قتل کرنے کا الزام ہےاسے سزا دیکر مثال قائم کرنے کے بجائے ، وفاقی ایجنسیاں صرف 23 سال کے نوجوان کے پیچھے پڑگئی ہیں صرف اس لیے کیونکہ وہ خان ہے۔‘

انہوں نے بھارت میں برسرِاقتدار پارٹی بی جے پی پر تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ ’یہ انصاف کی توہین ہے کہ بی جے پی نے اپنا ووٹ بینک بنانےکی افسوسناک خواہشات کو پورا کرنے کے لیے مسلمانوں کو نشانہ بنایا ہے۔‘

خیال رہے کہ ایک ہفتے قبل نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے ایک کروز پر پارٹی کے دوران چھاپا مارا تھا اور آریان خان سمیت 18 افرد کو حراست میں لیا تھا۔

این سی بی کا دعویٰ تھا کہ چھاپے کے دوران 13گرام کوکین،21 گرام چرس، ایم ڈی ایم اے کی 22 گولیاں، ایم ڈی 5 گرام اور ایک لاکھ 33 ہزار روپے کی نقد رقم تحویل میں لی گئی۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق آریان خان پر این سی بی نے منشیات کے استعمال کا الزام لگایا تھا، جس سے پہلے شاہ رخ کے صاحبزادے نے انکار کیا اور بعدازاں اس کا اعتراف کرلیا۔

این سی بی کے چھاپے میں پکڑے گئے افراد میں آریان خان کے قریبی دوست ارباز مرچنٹ، نوپور سریکا، اسمیت سنگھ، موہک جسوال، وکرانت چھوکر اور گومیت چوپڑا و دیگر شامل ہیں۔

مذکورہ کیس میں شاہ رخ خان کے بیٹے کا پہلے 1روز پھر 3 روز اور آخر میں 14 روزہ ریمانڈ منظور کیا گیا۔