امراض قلب کی سب سے بڑی وجہ تمباکو نوشی ہے،سیمینار مقررین

October 13, 2021

اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس اور نجی ہسپتال کے مشترکہ تعاون سے نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس لائنز ہیڈکواٹرز اسلام آباد میں امراض قلب کے عالمی دن کی مناسبت سے آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس کا مقصد ملازمین میں دل کے امراض، ذیابیطس اور بلڈ پریشرکے امراض سے متعلق آگاہی فراہم کرنا تھا۔ ڈ ی آئی جی ہیڈ کوارٹرز اصغر علی نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا۔ کنسلٹنٹ کارڈیالوجسٹ ڈاکٹر عمر ادریس مفتی ، کارڈ یو تھراسک سرجن ڈاکٹر جمال ربی نے دل کی بیماریوں سے آگاہی اور روک تھام کے حوالے سے شرکاء سے خطاب کیا۔ ڈاکٹر عمر ادریس مفتی نےکہا کہ پاکستان میں ہر ایک گھنٹے میں تقریباََ 12 افراد ہارٹ اٹیک کا شکار ہو جاتے ہیں۔ امراض قلب کی سب سے بڑی وجہ تمباکو نوشی ہےلہذا ہر صورت تمباکو نوشی سے پرہیز کرنا چاہیے۔ دل کے امراض سے بچاؤ کیلئے نیوٹرشن کا خصوصی خیال رکھنا چاہے اور روزانہ کم ازکم 30منٹ واک کرنا ضروری ہے۔ ایڈیشنل انسپکٹر جنرل محمد زبیر ہاشمی نے کہا کہ نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کا بنیادی مقصد روڈ سیفٹی سے متعلق آگاہی دیکر لوگوں کی قیمتی زندگیوں کو بچانا ہے اور اس کیلئے موٹروے پولیس اہم کردار ادا کر ہی ہے۔ بعدازاں موٹروے پولیس کے ملازمین کے شوگر، بلڈ پریشر، کولیسٹرول چیک کرنے کے لئے فری میڈکل کیمپ بھی لگایا گیا۔