خیبر یونین آف جرنلسٹس کاپشاور پولیس کے خلاف احتجاجی مظاہرہ

October 14, 2021

پشاور (لیڈی رپورٹر)خیبر یونین آف جرنلسٹس نے پشاور پریس کلب کے باہر پشاور پولیس کی جانب سے پریس کلب جاری پریس کانفرنس میں غیر قانونی مداخلت کرنے اور صحافیوں کو دھمکیاں دینے کے واقعے کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا ۔مظاہرے کی قیادت پشارو پریس کلب کے صدر ایم ریاض اور خیبر یونین آف جرنلسٹس کے صدر فدا خٹک کر رہے تھے ۔مظاہرین نے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے ، جس پر پولیس گردی کے خلاف نعرے درج تھے۔مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے پشارو پریس کلب کے صدر ایم ریاض نے کہا کہ پشاور پولیس نے ڈی ایس پی نے پشارو پریس کلب کے تقدس کو پامال کیا ہے، انہوں نے کہا کہ اس واقعے کی ملکی تاریخ میں نظیر نہیں ملتی، ایم ریاض نے کہا کہ صحافی برادری اس واقعے کے خلاف میدان میں نکلے ہیں اور اس تحریک کو منطقی انجام تک پہنچا کے دم لینگے۔خیبر یونین آف جرنلسٹس کے صدر فدا خٹک نے کہا کہ ڈی ایس پی کینٹ نے مظلوموں کو اپنی آواز بلند کرنے سے روکنے کی کوشش کی ہے، جس کی ہم شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں ۔انہوں نے کہا پریس کلب صحافیوں کا گھر ہے اور مظلوموں کی جگہ ہے، جہان لوگ آکر اپنی فریاد سناتے ہیں ، صحافیوں نے پہلے بھی مظلوموں کی آواز بلند کی ہے اور آئیندہ بھی اپنا فرض نبھاتے رہینگے۔انہوںنے پشاور پولیس کی رویئے کی مذمت کی۔ اس موقع پر مظاہرین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پریس کلب کا تقدس پامال کرنے والے ڈی ایس پی کینٹ کو پولیس سروس سے برطرف کیا جائے۔مظاہرین نے اس موقع پر نعرے بازی بھی کی۔درین اثنا ملک بھر سے صحافتی تنظیموں نے پشاور پریس کلب میں پولیس کے رویئے کو آزادی صحافت پر حملہ قرا دیا ہے، راولپنڈی اسلام اباد یونین آف جرنلسٹس ، پنجاب یونین آف جرنلسٹس ،کراچی یونین آف جرنلسٹس سمیت دیگر صحافتی تنظیموں نے پولیس کے پشاور پریس کلب میں صحافیوں کو ہراساں کرنے کے واقعے کی مذمت کی ہے۔