انسداد تشدد برائے خواتین کمیٹیاں بنائی جارہی ہیں :چیئرپرسن ویمن پروٹیکشن اتھارٹی

October 16, 2021

ملتان (سٹاف رپورٹر)پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی نے بیداری کے تعاون سے انسداد تشدد مرکز برائے خواتین ملتان میں مختلف اضلاع سے آنیوالے ڈسٹرکٹ کوارڈینیٹرز کی تربیتی ورکشاپ کرائی جس میں خواتین پر تشدد کے خلاف کیسز کو رپورٹ کیے جانے کی اہمیت اور طریقہ کار پر تربیت دی گئی ، پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی کی چیئرپرسن کنیز فاطمہ چدھڑ نے کہا کہ انسداد تشدد مرکز برائے خواتین ملتان کے قیام کے بعد تشدد کے خاتمے میں مدد ملی ہے اس سے ہمیں حوصلہ افزائی ملی ہے اور اب پورے پنجاب میں انسداد تشدد برائے خواتین کمیٹیاں بنائی جارہی ہیں جس کی سربراہی ڈپٹی کمشنر کریں گے اور تمام متعلقہ ادارے اس میں شامل ہونگے۔ انہوں نے خواتین کے حقوق کیلئے عرصہ دراز سے کام کرنیوالی تنظیم بیداری کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ سماجی تنظیموں کی فلاحی کاموں میں شمولیت گورنمنٹ کو سپورٹ کرتی ہے اور آگاہی پھیلانے میں مدد ملتی ہے ،ارشاد واحد ڈائریکٹر جنرل وومن پروٹیکشن اتھارٹی نے ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹرز کی ذمہ داریوں اور خواتین پر تشدد کے خاتمہ کیلئے ان کے کردار سے متعلق تفصیلی گفتگو کی، بیداری کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر عنبرین عجائب نےمعاشرے میں بڑھتے ہوئے تشدد اور انسانی رویوں پر بات کی،انہوں نے مطالبہ کیا کہ ضلعی سطح پر بنائی جانیوالی کمیٹیوں میں خواتین باہم معذوری کو لازمی شامل کیا جائے ،منیزہ بٹ انچارج انسداد تشدد مرکز برائے خواتین ملتان نے بھی اظہار خیال کیا، آخر میں شرکاء میں سرٹیفیکیٹ تقسیم کئے گئے۔