حیدرآباد، مختیار کار کے گھر سے نوجوان مالی کی گولی لگی لاش کی برآمدگی پر ہنگامہ آرائی

October 17, 2021

حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) قاسم آباد کے علاقے طاہر سومرو گوٹھ میں مختیار کار کے گھر سے نوجوان مالی کی گولی لگی لاش کی برآمدگی پر ہنگامہ آرائی‘ توڑپھوڑ‘ قومی شاہراہ پردھرنے‘ تشددکانشانہ بناکر مختیار کار قاسم آباد ماجد خاصخیلی اوراس کے بھائی واجد کو شدید زخمی کرنے‘ پولیس اہلکاروں ‘چیک پوسٹ نسیم نگر کے انچارج انعام جونیجو کو زخمی کرنے کا مقدمہ ہفتہ کو انعام جونیجو کی مدعیت میں سومرو برادری کے 17نامزد 35نامعلوم افراد کے خلاف درج کرلیا گیا۔تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی تھی۔ قاسم آباد تھانے میں سرکاری مدعیت میں درج کرائے گئے کرائم نمبر 2021/260 زیردفعہ F-2,421,201,147,148,149,353,324/ H-2C,337/337 میں پولیس چیک پوسٹ نسیم نگر کے انچارج انعام حسن جونیجو نے کہاہے کہ وہ گزشتہ روز ڈیوٹی پر تھے کہ علی الصبح اطلاع ملی کہ مختیار کار قاسم آباد ماجد خاصخیلی کے گھر یلو ملازم مالی محمد عثمان نے خودکشی کرلی ہے جس پر وہ اسٹاف کے ہمراہ ماجد کی اوطاق پہنچے تو عثمان کی لاش چارپائی پرپڑی تھی ‘اس کے پاس رائفل پڑی تھی ۔