اب گوشوارے جمع کرانے والے کو ہزار روپے یومیہ جرمانہ، 2 سال قید کی سزا دی جاسکتی ہے، ترجمان ایف بی آر

October 17, 2021

لاہور (نمائندہ جنگ) فیڈرل بورڈ آف ریونیو رواں سال 35لاکھ گوشوارے وصول کرنے کا ہدف مکمل نہ کرسکا۔ایف بی آرکی انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانےکی تاریخ گزشتہ روز 15 اکتوبرکو ختم ہوچکی جس میں توسیع نہیں کی گئی۔ذرائع کا کہنا ہےکہ ایف بی آرنے رواں سال 35 لاکھ گوشوارے وصول کرنے کا ہدف مقرر کیا تھا جو مکمل نہ ہوسکا۔ترجمان کے مطابق اب ٹیکس گوشوارے جمع کرانے والے کو ہزار روپے یومیہ جرمانہ بھی ادا کرنا ہوگا اور گوشوارے جمع نہ کرانے والوں کو 2 سال تک قیدکی سزادی جاسکتی ہے۔ترجمان ایف بی آر کے مطابق 15 اکتوبرتک 26 لاکھ انکم ٹیکس گوشوارے وصول کیے گئے اور گوشواروں کے ساتھ ادا شدہ ٹیکس 48.6 ارب روپے اکٹھا ہوا۔ ٹیکس گوشوارے داخل کرنے میں 45 فیصد اضافہ ہوا ہے اور گوشواروں کے ساتھ ٹیکس میں 64 فیصد اضافہ حاصل ہوا جب کہ پچھلےسال آخری تاریخ 8 دسمبرتک 18 لاکھ ٹیکس گوشوارے وصول ہوئے تھے اور ان کے ساتھ 29.6 ارب روپے کا ٹیکس حاصل ہوا تھا۔